شہر میں 24 گھنٹوں میں 979 کورونا کے نئے مریض

   

حیدرآباد۔5جنوری(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 979 کورونا وائرس کے نئے مریضوں کی نشاندہی ہوئی ہے جبکہ ریاست تلنگانہ میں 1520 کورونا وائرس مریضوں کی توثیق کی گئی ہے۔ ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 42ہزار 531 کورونا وائرس کے معائنے کئے گئے اور ایک شخص کی کورونا وائرس کے سبب موت واقع ہوئی ہے۔ تلنگانہ میں گذشتہ یوم کورونا وائرس کے مریضوں میں 100 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ آج 50 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اس اچانک اضافہ کے سبب محکمہ صحت کے عہدیداروں نے چوکسی اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں اور ضلع انتظامیہ کے علاوہ بلدی عہدیداروں کو صفائی کے ساتھ ساتھ فیور سروے کے دوران موصول ہونے والی تفصیلات اکٹھا کرنے اور محکمہ صحت کو مطلع کرنے کی خواہش کی گئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں 1520 نئے مریضوں کی توثیق کے ساتھ 209 مریضوں کے صحت یاب ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔ ریاست تلنگانہ میں آج کوئی اومی کرون کا مریض نہیں پایا گیا ہے جبکہ شمس آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پہنچنے والے 247 مسافرین کا معائنہ کیا گیا جن میں 18 مسافرین کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی ہے اور محکمہ صحت کے عہدیدارو ںکی جانب سے انہیں قرنطینہ کے لئے روانہ کرنے کے علاوہ ان کے جینوم کی ترتیب کی جانچ کے لئے نمونے حاصل کرتے ہوئے اومی کرون کی جانچ کیلئے روانہ کیاجاچکا ہے۔محکمہ صحت کو 68کورونا وائرس کے مریضوں کے جینوم کی ترتیب کی رپورٹس کا انتظار ہے جن میں آج روانہ کئے گئے 18 افراد کے نمونے بھی شامل ہیں۔
اومی کرون کے متاثرین میں 6 مریضوں کے صحت یاب ہونے کی توثیق ہوئی ہے جبکہ مابقی مریض اب بھی قرنطینہ میں ہیں اوران کا علاج کیا جا رہاہے۔ محکمہ صحت کے عہدیدارو ںکے مطابق کورونا وائرس کے شکار ایسے مریض جن کی حالت ابتر ہے انہیں گاندھی ہاسپٹل میں شریک کیا جا رہاہے اور فی الحال گاندھی ہاسپٹل میں محض 40 مریض زیر علاج ہیں جبکہ تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں اومی کرون کے متاثرین کو قرنطینہ اور علاج کیلئے رکھا گیا ہے۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں30ڈسمبر کو 167 کورونا وائرس کے مریضوں کی توثیق کی گئی تھی جبکہ اندرون ایک ہفتہ یہ تعداد 979تک پہنچ چکی ہے۔