شہر میں 25 تا 30 کووڈ کئیر مراکز قائم ہونگے

   

بلدیہ نے شادی خانوں ‘ تعلیمی اداروں کی نشاندہی مکمل کرلی
حیدرآباد۔شہر میں کورونا مریضوں کیلئے قرنطینہ اور آکسیجن بستروں کی سہولتوں کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے اسکولوں اور کالجس کے علاوہ شادی خانوں کی نشاندہی کا عمل مکمل کرلیا ہے ۔ دونوں شہروں کے علاوہ بلدی حدود میں25تا30 قرنطینہ مراکز کے قیام کے سلسلہ میں اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ کہا جا رہاہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے اسکولوں اور کالجس کے علاوہ شادی خانوں کی نشاندہی کے ذریعہ عوام کو سہولت کے اقدامات کئے جائیںگے ۔ قرنطینہ اور کوویڈ کئیر مراکز کو غیر سرکاری تنظیموں اور ڈاکٹرس کی نگرانی میں چلایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ ان مراکز کیلئے جگہ کی نشاندہی کے بعد محکمہ صحت کے عہدیدار اور ضلع کلکٹر جو کہ ضلع نوڈل آفیسر بھی ہیں ان مقامات کا معائنہ کرکے اجازت فراہم کی جائے گی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق شہر کو مختلف اضلاع سے مریض پہنچ رہے ہیں اور ان کو فوری آکسیجن کی سہولت کے علاوہ دیگر طبی سہولتوں کی فراہمی کو ممکن بنانے دواخانوں کے علاوہ دیگر سہولتوں کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی اور حکومت نے ہدایات جاری کی کہ بلدی حدود میں 25تا 35 قرنطینہ مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے اور ان میں آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ آئندہ ہفتہ تک غیر سرکاری تنظیموں کے ذمہ داروں سے بات چیت اور طبی و نیم طبی عملہ کے ساتھ مذاکرات اور تعیناتی کے ذریعہ خدمات کے آغاز کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔