حیدرآباد : وزارت خارجہ امور کی جانب سے شہر حیدرآباد میں 9 ڈسمبر کو تقریباً 80 ممالک کے سفیروں اور ہائی کمشنرس کے دورہ کا اہتمام کیا جارہا ہے تاکہ انہیں ملک میں ہورہے اہم ریسرچ اور ترقی کی سرگرمیوں کے بارے میں واقف کروایا جائے۔ تلنگانہ کی چیف سکریٹری سومیش کمار کی صدارت میں کل ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف آف پروٹوکول ناگیش سنگھ اور دیگر سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔ چیف سکریٹری نے بیرونی ممالک کے سفیروں اور ہائی کمشنرس کے دورہ حیدرآباد کے سلسلہ میں کئے جارہے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ سومیش کمار نے کہا کہ بیرونی ممالک کے یہ معززین یہاں کوویڈ۔19 ویکسین پر کام کررہے انڈسٹریل یونٹس بھارت بائیوٹیک لمیٹیڈ اور ای بائیولوجیکلس لمیٹیڈ کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے عہدیداروں نے کہا کہ ان معززین کے دورہ کے دوران تمام کوویڈ پروٹوکولس کو ملحوظ رکھتے ہوئے فل ۔ پروف انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر سہولتوں کے ساتھ پانچ بسوں، ایک اسپیشل میڈیکل ٹیم کے انتظامات کئے جانے چاہئے۔ ویکسین کی تیاری اور اس کی سربراہی میں ریاست کی صلاحیتوں کے مظاہرہ کیلئے ایک پریزینٹیشن بھی کیا جانا چاہئے۔