عوام کو شدید مشکلات، کئی مقامات پر ہنگامہ آرائی‘ بحث وتکرار
حیدرآباد۔20جنوری(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ شہر کے نواحی علاقوں میں آٹو ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لئے آٹو ڈرائیورس کی مختلف تنظیموں نے کئی مقامات پر ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ہڑتال میں حصہ نہ لینے والے آٹو ڈرائیورس کو نشانہ بنایا اور مسافرین کو جو آٹو میں سوار تھے انہیں آٹو سے اترنے پر مجبور کردیا۔کئی مقامات پر آٹو ڈرائیورس اور مسافرین کے علاوہ پولیس ملازمین کے ساتھ بھی بحث وتکرار کی اطلاع ہیریاستی حکومت کی جانب سے انفارمل لیبر بالخصوص آٹو ڈرائیورس کو 12ہزار روپئے کی مالی اعانت کے انتخابی وعدہ پر عمل آوری نہ کئے جانے کے خلاف انفارمل لیبراینڈ ورکرس فیڈریشن کی جانب سے تلنگانہ میں ’’آٹو بند‘‘ کا اعلان کیاگیا تھا اور شہر کے کئی مقامات پر آٹو بند مجموعی طور پر کامیاب رہا ۔ آئی ایل ڈبلیو ایف نے شہر میں حکومت کی پالیسیوں اور انتخابی وعدہ کی عدم تکمیل کے خلاف احتجاج کیا اور مختلف مقامات پر آٹو خدمات کو روک دیا ۔فیڈریشن کے قائدین نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے آٹو ڈرائیورس کو ہونے والے نقصانات کی پابجائی کے لئے جو منصوبہ کا اعلان کیا تھا اور 12ہزار روپئے آٹو ڈرائیورس کو جاری کرنے کی اسکیم کا وعدہ کیا تھا اس پر عمل آوری کے بجائے اب آٹو ڈرائیورس کو نشانہ بنانے لگی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کے خلاف آٹو ڈرائیورس کے احتجاج کو کچلنے کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں اور آٹو ڈرائیورس کے ’چلو اسمبلی ‘ احتجاج کو ناکام بنانے کے لئے بھی آٹو ڈرائیورس کی تنظیموں کے قائدین کو حراست میں لیا گیا تھا۔3