حیدرآباد 30 اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر میں اندرون 12 گھنٹے دن دہاڑے قتل کی 2 وارداتیں پیش آئیں جس کے نتیجہ میں عوام میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا۔ جمعرات کو صبح شہر کے علاقہ حکیم پیٹ ٹولی چوکی میں آٹو ڈرائیور محمد فہیم عرف ایوب کو اُس کے ہی دوست طارق نے ٹولی چوکی ایس ایس فنکشن ہال کے قریب گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔ اِس واقعہ کی اطلاع پر اے سی پی گولکنڈہ سید فیاض اور اُن کی ٹیم پہونچ گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ موبائیل فون کے مسئلہ پر مقتول ایوب اور طارق میں تنازعہ چل رہا تھا جس پر طارق نے اپنے دوست کا رسّی کے ذریعہ گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔ کلوز ٹیم بھی وہاں پہونچ کر مقام واردات سے تفصیلات حاصل کیں اور اُس کی نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا۔ چہارشنبہ کے روز بنڈلہ گوڑہ غوث نگر میں پان شاپ کے مالک محمد محسن کو سہیل، فہد اور عامر نامی نوجوانوں نے جو آپس میں دوست بتائے جاتے ہیں، چاقو گھونپ کر بہیمانہ طور پر قتل کردیا۔ مذکورہ 2 وارداتوں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ معمولی مسئلہ پر قتل کی سنگین وارداتیں شہر میں رونما ہورہی ہیں جبکہ گزشتہ ہفتہ بھی ایک روڈی شیٹر محمد عمر انصاری پر پولیس نے موبائیل فون کی رہزنی کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے فائرنگ کردی تھی۔ قابل غور بات یہ ہے کہ پولیس جرائم پیشہ افراد کو فائرنگ کے ذریعہ خوفزدہ کرتے ہوئے اُنھیں قابو میں رکھنے کی کوشش کررہی ہے جبکہ پولیس کی ایسی کارروائیوں سے بھی جرائم پیشہ افراد اپنی حرکتوں سے باز نہیں آرہے ہیں اور سنگین وارداتیں ہنوز جاری ہیں۔ب