موسمی تبدیلی سے وبائی امراض ، مزید بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔4اگسٹ(سیاست نیوز)شہر حیدرآباد میں آئندہ مزید ایک ہفتہ تک موسم میں کوئی نمایاں تبدیلی ریکارڈ نہیں کی جائے گی بلکہ ریاست تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں یہی صورتحال برقرار رہے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر حیدرآباد میں آئندہ ایک ہفتہ کے دوران بھی ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہے گا اور تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں بھی بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ برقرار رہے گا۔ دونوں شہروں میں گذشتہ ایک ہفتہ سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ موسم میں ٹھنڈک کے سبب شہریوں میں تیزی سے وبائی امراض پھیل رہے ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں شہروں کی سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہے جس کے سبب مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے سڑک پر پڑنے والے گڑھوں کو بند کرنے کیلئے خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہناہے کہ آئندہ ایک ہفتہ کے دوران بھی ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس دوران شہر کے کئی ذخائر آب میں پانی جمع ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ رات کے اوقات میں مسلسل بارش اور دن میں بوندا باندی کے سبب شہر کی بیشتر سڑکوں کی حالت انتہائی ابتر ہوچکی ہے اور شہر کے کئی مقامات پر رہائشی علاقوں سے کچہرے کی عدم نکاسی کے سبب بدبو وتعفن پھیل رہا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر دانا کشور نے صفائی عملہ اور متعلقہ شعبہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ شہر کے تمام رہائشی علاقوں سے کچہرے کی نکاسی کے خصوصی انتظامات کریں تاکہ کچہرے کے سبب ماحولیاتی آلودگی اور مچھروں کی افزائش نہ ہونے پائے جو کہ بیشتر وبائی امراض کی بنیادی وجہ ہوتی ہے۔
