حیدرآباد۔ 10جون(سیاست نیوز) شہر میں مانسون سے قبل کی بارش نے شہریوں کو گرمی سے راحت پہنچائی ہے جبکہ محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ شہر میں مانسون 12 جون کو پہنچے گا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی کے مطابق شہر حیدرآباد میں مانسون کی آمد تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا ۔دونوں شہر وں میں گذشتہ شب ہوئی بارش کے علاوہ چہارشنبہ کی شام سے ہونے والی بارش کے سلسلہ میں محکمہ موسمیات نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں مجموعی اعتبار سے 15ملی میٹر سے زائد بارش گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ریکارڈ کی گئی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ریاست میں مانسون کی آمد کے ساتھ ہی بارش کے امکانات نہیں ہیں۔ ماہرین موسمیات کی جانب سے کہا جا رہاہے کہ مغربی بنگال میں ہوا کے دباؤ میں ریکارڈ کی جانے والی کمی کے سبب شہرحیدرآباد میں بارش ہورہی ہے ۔دونوں شہر وں میں سب سے زیادہ بارش عبداللہ پورمیٹ میں ریکارڈ کی گئی جہاں 65.3ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ سب سے کم بارش جیڈی مٹلہ میں ریکارڈ کی گئی ہے ۔ پرانے شہر کے علاوہ نئے شہر کے علاقوں میں شام سے بارش‘ گرج اور چمک کے ساتھ بوندا باندی کا سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہا۔شام کے وقت جیسے ہی بارش کا آغاز ہوا کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر لوکیش کمار نے ایمرجنسی عملہ اور مانسون کے دوران خدمات انجام دینے والی ہنگامی ٹیموں کو متحرک کرتے ہوئے سڑکوں سے پانی کی نکاسی کے علاوہ دیگر امور پر توجہ دینے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ دونوں شہروں میں جی ایچ ایم سی کے عملہ کو بارش کے ساتھ ہی متحرک دیکھا گیا ۔ رات کے وقت کرفیوکا سلسلہ جاری رہنے کے سبب سڑکوں پر بارش کے باوجود کوئی ٹریفک جام یا گاڑیوں کے فیل ہونے کی شکایات موصول نہیں ہوئی لیکن شہر کے بیشتر علاقوں میں بارش کے ساتھ برقی سربراہی منقطع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے مانسون کی آمد سے 48 گھنٹے قبل ہونے والی اس بارش کو موسم باراں کیلئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ موسم باراں کی آمد کے ساتھ ہی ریاست میں بہتر بارش کی پیش قیاسی کی جا سکتی ہے۔ دونوں شہروں کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی ماقبل مانسون بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور ریاست کے گرمی سے شدید متاثرہ اضلاع کے عوام کو بھی بارش کے سبب کافی راحت حاصل ہوئی ہے۔ شہر میں رات دیر گئے تک بھی کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا اور شہر کے نواحی علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔