شہر میں بارش کے باعث مچھروں کی کثرت

   

وبائی امراض کی روک تھام کے لیے جی ایچ ایم سی کے فوری اقدامات ضروری
حیدرآباد۔5۔اگسٹ۔(سیاست نیوز) دونوں شہروں بالخصوص پرانے شہر میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے فوری طور پر مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جانے چاہئے کیونکہ گذشتہ یوم ہوئی بارش کے بعد کئی رہائشی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے کے سبب مچھروں کی افزائش کے خدشات میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے وبائی امراض کو پھیلنے سے روکنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں مچھرکش ادویات کا چھڑکاؤ اور کچہرے کی نکاسی کو یقینی بنانا لازمی ہے لیکن دونوں شہروں میں جاری اس مہم کے دوران پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں نظرانداز کئے جانے کی شکایات موصول ہورہی ہیں اور پرانے شہر کی گنجان آبادیوں میں مقیم خاندانوں میںوبائی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں ۔ عوام میں پھیلنے والی ان بیماریوں کو روکنے کے لئے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے اقدامات کے ساتھ یہ ضروری ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے کچہرے کی نکاسی کے علاوہ مچھرکش ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنائے۔ موسم باراں کے دوران پھیلنے والی وبائی بیماریوں کے شکار مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ خانگی دوخانوں میں بخار‘ سردی ‘ کھانسی ‘ اعضاء شکنی کی شکایات کے ساتھ معصوم بچوں کو رجوع کیا جانے لگا ہے اس کے علاوہ کئی بزرگ شہری بھی ان شکایات کے ساتھ ڈاکٹرس سے رجوع ہونے لگے ہیں۔دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جاری مہم کے دوران تمام 150 بلدی حلقہ جات کا احاطہ کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی اور اس منصوبہ کے تحت عوام میں شعور اجاگر کرنے کے علاوہ مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ اور بارش کے جمع پانی کی صفائی اور کچہرے کی نکاسی کے سلسلہ میں اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن پرانے شہر میں اس مہم کے اثرات نظر نہیں آرہے ہیں کیونکہ جن مقامات پر کچہرا ہوا کرتا تھا ان مقامات پر اب بھی کچہرا موجود ہے اور جن محلہ جات میں بارش کا پانی جمع ہونے کے نتیجہ میں مچھروں کی افزائش ہوتی ہے ان علاقوں میں مچھروں کی کثرت سے عوام کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔3