تعطل کا شکار کاموں کو بھی بحال کردیا جائیگا ۔بلدی عملہ کو اصل ذمہ داریوں پر توجہ کی ہدایت
حیدرآباد۔ شہر میں جلد ہی بلدیہ کی جانب سے ترقیاتی کاموں کے آغاز کے علاوہ جاریہ کاموں کی رفتار کو تیز کیا جائیگا ۔ بلدی عہدیداروں کو حکومت ہدایت دی کہ وہ انتخابی ذمہ داریوں کی تکمیل کے ساتھ ہی ترقیاتی کاموں کو تیز کیا جائیگا ۔ دونوں شہر وں میں بلدی انتخابات سے قبل سیلاب اور حکومت کی 10 ہزارکی رقمی امداد کی اجرائی کے علاوہ دیگر امور میں بلدی عہدیداروں کے مصروف ہونے کے سبب جی ایچ ایم سی کے حدود میں کئی ترقیاتی کام جوں کے توں رہ گئے ہیں ۔ سیلاب کے دوران اور اس کے بعد بلدی عہدیداروں کی مصروفیات کے سبب ترقیاتی کام ہی نہیں بلکہ صفائی کا عمل بھی معطل تھا لیکن اب جی ایچ ایم سی عہدیدار جو دیگر ذمہ داریوں سے آزاد ہوچکے ہیں انہیں اب اپنی حقیقی ذمہ داریوں کو پورا کرنے پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔ اطلاعات کے مطابق بلدی عہدیداروں کو پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار نے ہدایات دیں کہ وہ اب شہری ترقیاتی منصوبہ پر عمل آوری کیلئے اقدامات کا آغاز کریں اور عوام کی مسائل کے حل کے علاوہ شکایات کا جائزہ لے کر ان کے حل کو یقینی بنائیں۔ جی ایچ ایم سی عہدیدارو ںنے بتایا کہ ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کے علاوہ نئے کاموں کے آغاز کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کی جاچکی ہے اور آئندہ دو یوم کے دوران موجودہ بلدیہ کی جانب سے منظورہ کاموں کے آغاز کے علاوہ جن علاقوں میں سڑکوں کی توسیع کا عمل روک دیا گیا تھا اسے دوبارہ شروع کیاجائے گا اور اس کے ساتھ شہر میں نالوں اور تالابوں پر قبضہ جات کی برخواستگی کیلئے بھی جائزہ اجلاس منعقد کرکے شہر کو سیلاب سے پاک بنانے اقدامات کئے جائیں گے۔ فٹ پاتھ اور پیدل راہرووں کیلئے موجود مقامات پر ناجائز قبضہ جات کی برخواستگی کے علاوہ چوراہوں کو خوبصورت بنانے منصوبہ کو بھی عملہ جامہ پہنانے کے اقدامات اور خوبصورت لائٹنگ کی جائے گی۔