شہر میں رات دیر گئے موسلادھار بارش

   

آئندہ 48 گھنٹوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان
حیدرآباد۔22۔ستمبر۔(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں گذشتہ شب موسلادھار بارش سے شہر کی کئی سڑکوں و رہائشی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات ملیں اور کئی علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہونے کا سلسلہ صبح کی اولین ساعتوں تک جاری رہا۔ محکمہ موسمیات سے 5یوم کیلئے دونوں شہروں و کئی اضلاع میں ’زرد الرٹ ‘ کے بعد گذشتہ شب بارش سے درجہ حرارت میں گراوٹ آئی اور دونوں شہروں میں آج درجہ حرارت 30 ڈگری سے کم ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات اور خانگی ماہرین کے مطابق شہر کے علاوہ اطراف میں آج را ت دیر گئے بھی تیز اور موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق دونوں شہروں و وقارآباد‘ سنگاریڈی ‘ ملکاجگری‘ میڑچل اور دیگر اضلاع میں شدید بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے ۔ خانگی ماہرین کے مطابق دونوں شہروں میں آئندہ 48 گھنٹوں میں بارشوں سے سڑکوں پر پانی کی بہاؤ میں تیزی پیدا ہوسکتی ہے کیونکہ کم وقت میں زیادہ بارش کا امکان ہے اور موسلادھار بارش سے شہر کے کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی کا بہاؤ تیز ہونے لگتا ہے۔ذرائع کے مطابق بلدیہ حیدرآباد کے عہدیداروں نے ای وی ڈی ایم اور ایمرجنسی عملہ کو متحرک رہنے اور بارش کی صورت میں رات دیر گئے پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی اور کہا ہے کہ جن مقامات پر پانی جمع ہونے کا امکان ہے ان پر ایمرجنسی عملہ کو متحرک رکھا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے کو یقینی بنایا جاسکے۔