شہر میں رات کے درجہ حرارت میں کمی

   

حیدرآباد: شہر حیدرآباد میں رات کے اوقات میں درجۂ حرارت میں سال گذشتہ کیمقابل 3 تا4 ڈگری کی گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور کہا جا رہاہے کہ جاریہ ماہ کے اواخر تک درجہ حرارت میں کمی کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ نواحی علاقو ں میں رات کے وقت سردی کی لہر میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے اور محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کے مطابق شہر کے بعض علاقوں میں رات دیر گئے درجہ حرارت 12تا14 ڈگری بھی ریکارڈ کیا جانے لگا ہے جس کے سبب سردی کی لہر دیکھی جا رہی ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے ان علاقو ںمیں جہاں درخت اور کھلے میدان موجود ہیں ان علاقوں میں زیادہ ٹھنڈ ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ صبح کی اولین ساعتوں میں شہر کی سڑکیں کہر آلود ہونے کے سبب شہر کے کئی علاقوں میں تجارتی سرگرمیاں بھی تاخیر سے شروع کی جا رہی ہیں۔ سال گذشتہ ماہ ڈسمبر کے پہلے ہفتہ میں درجہ حرارت 15تا20 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا لیکن اب درجہ حرارت میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ کے متعلق کہا جا رہاہے کہ موسمی تبدیلیوں کے اثرات کے سبب سردی کی لہر میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے ۔