حیدرآباد : محکمہ بہبودی خواتین و اطفال حکومت تلنگانہ کی جانب سے ان بچوں کے لئے سات ٹرانزٹ ہومس کھولے گئے جن کے والدین کوویڈ ۔ 19 کے باعث فی الوقت قرنطینہ میں ہیں یا دواخانہ میں شریک ہیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں یہ ہومس بچوں کو مفت آسرا، غذا، تفریحی سرگرمیاں اور نفسیاتی و سماجی مدد فراہم کریں گے۔ امیرپیٹ میں ڈبلیو ڈی سی ڈبلیو کمشنریٹ کیمپس میں ٹرانزٹ ہوم کا افتتاح ریاستی وزیر ستیہ وتی راتھوڑ نے کیا۔ چند یتیم خانے اور چائیلڈ کیئر انسٹی ٹیوشنس بشمول پرجوالاس آستھانواس، ڈان باسکو ہوم، فارما بوائز نے ان کے ہومس میں جگہ دینے کے لئے پیشکش کی ہے۔ ان ہومس میں ایک وارڈن، کنسلٹنٹ ڈاکٹر، کونسلر اور کوک ہونگے اور ہر ہوم میں 14 سال سے کم عمر کے کم از کم 20 بچے رہ سکتے ہیں۔ ایک عہدیدار نے کہاکہ ’’ٹرانزٹ ہوم میں داخل ہونے سے پہلے بچوں کو کوویڈ ٹسٹ کروانا ہوگا۔ کسی بچہ کا ٹسٹ پازیٹیو ہونے کی صورت میں انھیں ڈاکٹر کے مشورہ کے مطابق کسی ہاسپٹل یا کورنٹائن سنٹر منتقل کیا جائے گا۔ دوسرے اضلاع میں بھی اس پہل کو شروع کرنے کا پروگرام ہے۔ مدد طلب کرنے کے لئے 040-23733665 or 1098 ڈائیل کریں۔