شہر میں شام کے وقت بارش

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ /16 نومبر (سیاست نیوز) شہر میں شام کے وقت مختلف علاقوں میں ہلکی تا تیز بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ دن کے اوقات میں مطلع ابرآلود رہا ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جنوبی مشرقی خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کے نتیجہ میں آئندہ 3 دنوں کے دوران حیدرآباد میں ہلکی تا اوسط بارش ہوسکتی ہے ۔ ہوا کے کم دباؤ کے زیراثر آندھراپردیش کے جنوبی ساحلی علاقوں میں /18 نومبر کو بارش ہوسکتی ہے ۔ منگل کو شہر کے علاقوں بوئن پلی ، سکندرآباد ، خیریت آباد ، بنجارہ ہلز ، چادر گھاٹ ، یاقوت پورہ ، چندرائن گٹہ اور دیگر علاقوں میں ہلکی تا اوسط بارش ریکارڈ کی گئی ۔ کوکٹ میں سب سے زیادہ 11.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چہارشنبہ اور جمعرات کو بھی شہر کے بیشتر علاقوں میں بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔