شہر میں ماہ ڈسمبر معمول سے گرم آئندہ پانچ دن میں بارش متوقع

   

حیدرآباد۔/25 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سال کے اس مرحلہ پر بالعموم حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر حصے ہندوستان کے شمالی خطوں سے چلنے والی سرد ہواؤں کے زیر اثر آتے ہیں جس کے نتیجہ میں رات کا درجہ حرارت 12 ڈگری سیلسیس یا اس سے بھی کم ہوجایا کرتا تھا لیکن رواں سال مختلف رہا۔ محکمہ موسمیات حیدرآباد نے کہا ہے کہ درجہ حرارت میں فوری کمی کا امکان نہیں ہے کیونکہ ساری ریاست میں جنوب مشرقی سمت سے گرم ہوائیںداخل ہورہی ہیں۔ محکمہ نے پیش قیاسی کی کہ آئندہ چار تا پانچ یوم میں ہلکی سے اوسط بارش کا امکان ہے یا گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں بھی بارش ہوسکتی ہے جس کا مطلب ہے کہ درجہ حرارت میں آنے والے دنوں میں قابل لحاظ کمی نہیں آئے گی۔ گزشتہ سال اس مدت کے دوران اقل ترین درجہ حرارت 12 اور 15 ڈگری کے درمیان ریکارڈ کیا گیا تھا اور ایک موقع پر یہ 9.5 ڈگری بھی ہوگیا تھا۔