شہر میں مخدوش عمارتوں کی نشاندہی و انہدام کی ہدایت

   

مانسون میں معمول کے مطابق یا اضافی بارش کی پیش قیاسی پر کمشنر بلدیہ لوکیش کمار کے احکام
حیدرآباد۔ موسم باراں کی آمد کے پیش نظر مخدوش عمارتوں کی نشاندہی اور انہدام کیلئے کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار نے ہدایا ت جاری کردیئے ہیں۔کمشنر جی ایچ ایم سی کی ہدایات میں کہا گیا کہ تلنگانہ اور حیدرآباد میں مانسون کے دوران معمول کے مطابق یا اس سے زیادہ بارش کے امکانات ہیں ۔ ایسے میں بلدیہ نے مانسون میںشہر کو کسی بھی نقصانات سے محفوظ بنانے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے اور اس سے تمام سرکل عہدیدارو ںکو تحریری طور پر واقف کرواتے ہوئے انہیں مخدوش عمارتوں کی نشاندہی اور انہدام و تخلیہ کی ہدایت دی گئی ہے۔علاوہ ازیں جی ایچ ایم سی نے سیلر کی کھدوائی کو روک دینے احکام جاری کئے ہیں۔احکامات میں کہا گیا ہے کہ اگر تعمیری کام کے دوران سیلر کی کھدوائی عمل میں آچکی ہے تو آس پاس کی عمارتوں کے تحفظ کا جائزہ لیا جائے اور سیلر کے کاموں کو مانسون کے دوران روک دیا جائے۔مسٹر لوکیش کمار نے احکام کی خلاف ورزی پر بلڈرس اور مالکین جائیداد کے خلاف مقدمات درج کرنے ہدایت دی۔انہوں نے عہدیدارو ںکو مانسون میں پانی جمع ہونے کے مقامات کی نشاندہی و پانی کی نکاسی کے علاوہ کے علاوہ نالوں کی صفائی کے امور کے متعلق مکمل ایکشن پلان تیار کرکے اس پر عمل کی تاکید کی او رکہا کہ موسمیات کے اعلامیہ پر نظر رکھنے کے علاوہ ہمہ وقت چوکس رہیں ۔مسٹر لوکیش کمار نے جی ایچ ایم سی صدر دفتر پر ایمرجنسی کنٹرول روم کے قیام کے علاوہ عہدیداروں کے زون واری اور سرکل واری اساس پر واٹس ایپ گروپ بنانے اور ہنگامی حالات میں فوری عوام کی مدد کی ہدایت جاری کی ہے۔انہوںنے تمام عہدیدارو ںکو انتباہ دیا کہ اگر کسی عہدیدار کی جانب سے کوتاہی کی جاتی ہے اور ہنگامی حالات میں شکایات کے باوجود کاروائی نہیں کی گئی تو عہدیداروں کے خلاف محکمہ جاتی کاروائی سے گریز نہیں کیا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ تمام سرکلس اور زونس عہدیداروں کو اپنے علاقوں کے متعلق ایکشن پلان پر مؤثر عمل کے اقدامات کی رپورٹ پیش کرنی ہوگی ۔