حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے مزید 3 کوویڈ کیئر سنٹرس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ کارپوریشن نے شیر لنگم پلی اور ایل بی نگر زون میں پہلے ہی 3 مراکز قائم کئے ہیں۔ کوکٹ پلی میں مزید 3 مراکز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ توقع ہے کہ بہت جلد ان کا آغاز ہوگا۔ کارپوریشن نے کوویڈ کیئر سنٹرس کے قیام کیلئے شہر میں 30 عمارتوں کی نشاندہی کی ہے۔ ہر سرکل میں ایک کوویڈ سنٹر کے قیام کی تجویز ہے۔ ان مراکز میں ایسے افراد کو قیام کی سہولت رہے گی جو کورونا کا شکار ہونے کے بعد اپنے مکانات میں آئسولیشن اختیار کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ ایسے افراد جو اپنی شخصی نگہداشت سے قاصر ہیں ان کیلئے کوویڈ کیئر سنٹرس میں تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ڈاکٹرس کی نگرانی میں یہ سنٹرس کام کریں گے۔ ہر سنٹر میں 70 تا 100 بستروں کی گنجائش رہے گی۔ ڈاکٹرس کی ٹیمیں 24 گھنٹے مریضوں کی صحت پر نگرانی رکھیں گی اور ضرورت پڑنے پر دیگر ہاسپٹل منتقل کرنے ایمبولینس کا انتظام رہے گا۔ آکسیجن کنسٹریٹرس کے علاوہ صحت بخش غذاؤں کا اہتمام رہے گا۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے شہر میں کورونا سے زیادہ متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کی ہے اور ان علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر یہ مراکز قائم کئے جائیں گے۔