شہر میں مزید پارکس بنائے جارہے ہیں

   

جی ایچ ایم سی حدود میں 2 اربن فارسٹ پارکس، 56 تھیم پارکس تعمیر کے مختلف مراحل میں ہیں
حیدرآباد ۔ 29 جنوری (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے 2014ء میں قیام کے بعد سے گرینری کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور حکومت کی جانب سے شہر میں پارکس کو فروغ دینے کو ترجیح دی جارہی ہے۔ پارکس سے شہریوں کو تازہ ہوا ملتی ہے جو انہیں صحتمند بنائے رکھنے میں معاون ہوتی ہے۔ کئی ایک انفراسٹرکچر پراجکٹس کی تعمیر پر توجہ دینے کے ساتھ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کی جانب سے بھی شہر میں پارکس بنانے کو اہمیت دی جارہی ہے۔ جی ایچ ایم سی حدود میں بنائے گئے 1,037 پارکس اور گرین پارکس میں جس میں پانچ ایکر سے زیادہ جگہ پر پھیلے ہوئے 19 بڑے پارکس اور 17 تھیم پارکس شامل ہیں۔ 439 کو 2014ء کے بعد فروغ دیا گیا۔ اس طرح کے مزید پارکس بنانے کے سلسلہ میں کام کیا جارہا ہے ۔ جی ایچ ایم سی نے ایک بیان میں یہ بات بتائی اور کہا کہ فی الوقت دو اربن فارسٹ پارکس اور 56 تھیم پارکس انہیں فروغ دینے کے مختلف مراحل میں ہیں۔ یہ دو اربن فارسٹ پارکس شمس آباد کے قریب ماونا گوڑہ اور ناگارم میں ہوں گے جبکہ 55 تھیم پارکس شہر کے مختلف مقامات پر ہوں گے۔ گاجولارامارم میں پرانویو اربن فاریسٹ پارک اور اسپورٹس تھیم پارک، اربن فارسٹ پارک اور تھیم پارک کی چند مثالیں ہیں۔ ان دونوں سہولتوں کا افتتاح حل میں وزیربلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کے ٹی راماراؤ نے دیگر وزراء کے ساتھ کیا۔ انیل کنگڈم پارک، سائنس تھیم پارک، نالج پارک، ویمنس پارک، ایڈوینچر تھیم پارک، کمیونٹی پارک اور ایک گولف تھیم پارک دیگر چند پارکس ہیں جنہیں فروغ دینے پر غور کیا جارہا ہے۔ جی ایچ ایم سی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ان 55 پارکس کے افتتاح کا سلسلہ فروری کے ختم سے شروع ہوگا اور اس سال ڈسمبر تک جاری رہے گا۔ یہ پارکس زائد از 130 کروڑ روپئے لاگت سے بنائے جارہے ہیں۔ یہ تمام پارکس میں ہر عمر کے لوگوں کیلئے تفریحی سہولتیں ہوں گی جیسے یوگا سنٹر، واک ویز، اوپن جمس، لانس، واش رومس وغیرہ۔ حال میں جی ایچ ایم سی نے فلائی اوورس کے نیچے کی جگہ کو بھی گریزی فروغ دینے کیلئے استعمال کرنا شروع کیا ہے۔ چنانچہ شیخ پیٹ فلائی اوور کے نیچے کی جگہ اب عوام کو دستیاب ہے جبکہ ایل بی نگر میں فلائی اوور کے نیچے اس طرح کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔