9 لاکھ کے منجملہ 6 لاکھ صارفین نے استفادہ کیا
باقی صارفین کو ستمبر سے بلز کی اجرائی
حیدرآباد 18 اگست (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ماہانہ 20 ہزار لیٹر مفت پانی کی اسکیم کا اعلان کیا گیا ۔اس اسکیم کے استفادہ کنندہ گان 6 لاکھ گھریلو نل کا کنکشن رکھنے والے صارفین ہیں۔اسکیم سے استفادہ کے اہل ہونے کے باوجود تاحال 2.75 لاکھ آبی صارفین اس مفت پانی کی اسکیم سے دوری اختیار کئے ہوئے ہیں۔ اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کیلئے دی گئی آخری مہلت 15 اگست کو ختم ہوگئی۔ اس اسکیم سے استفادہ کرنے کیلئے نل کنکشن کے کین نمبر سے آدھار کو مربوط کرنا لازمی ہے۔ جو لوگ اس اسکیم سے استفادہ نہیں اٹھائے انہیں ماہ ستمبر سے بلز جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر ورکس کی جانب سے نل کے کنکشن کو آدھار سے منسلک کرنے والے آبی صارفین کو گزشتہ سال دسمبر سے جاریہ سال اگست تک جملہ 9 ماہ پانی کی بلز میں رعایتیں دی گئی ہیں۔ جی ایچ ایم سی کے حدود میں اس اسکیم سے استفادہ کیلئے 9,73,977 نل کا کنکشن رکھنے والے اہل ہیں۔ اپریل تک دی گئی مہلت تک 4,06,508 صارفین نے اپنے کنکشن کو آدھار سے مربوط کرتے ہوئے گھروں میں میٹرس کی تنصیب عمل میں لائی ۔ اسکیم سے استفادہ کیلئے 15 اگست تک مہلت دی گئی تھی جس میں مزید 1.50 لاکھ صارفین آگے آئے اور ان کی تعداد 10 اگست تک بڑھ کر 5.58 لاکھ تک پہنچ گئی۔ 3.75 لاکھ افراد اس اسکیم سے استفادہ کیلئے آگے نہیں آئے ہیں جن میں اپارٹمنٹس میں رہنے والوں کی اکثریت ہے۔ N