نمائش میں کشمیری تاجرین کا کاروبار بھی غیر متاثر اور اطمینان بخش
حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : پلوامہ جموں و کشمیر میں سی آر پی ایف جوانوں پر خود کش حملے اور 44 جوانوں کی ہلاکت کے واقعہ پر ملک کے کئی حصوں میں جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے افراد کے خلاف غصہ و برہمی پیدا ہوئی ہے ۔ مرکزی وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں مقیم کشمیری عوام اور طلباء کی سلامتی و حفاظت کو یقینی بنائیں ۔ اس سلسلہ میں جموں و کشمیر پولیس نے بھی ریاست کے باہر مقیم کشمیری عوام اور طلباء کی مدد کے لیے ہلپ لائن قائم کیا ہے ۔ طلباء اور عوام اس نمبر 0194-2451515 پر ربط پیدا کریں ۔ حیدرآباد میں مقیم تمام کشمیری طلباء اور عوام محفوظ ہیں یہاں زیر تعلیم ایک طالب علم تجمل جنہوں نے پی ایچ ڈی مکمل کرلی ہے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں زائد از 200 کشمیری طلباء ہیں جو عثمانیہ یونیورسٹی ، انگلش اینڈ فارن لینگویجس یونیورسٹی ، حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی ، مولانا آزاد یونیورسٹی سے مختلف کورسوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔ ان کشمیری طلباء کی اکثریت ہاسٹلس میں رہتی ہے جب کہ چند طلباء کرایہ کے مکانات میں مقیم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ دہشت گرد حملہ کے بعد حیدرآباد میں کشمیری طلباء کے خلاف کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ہے ۔ نمائش میں بھی کشمیری تاجرین کا کاروبار غیر متاثر ہے اور یہ تاجر اطمینان بخش طریقہ سے تجارت کررہے ہیں ۔ نمائش سوسائٹی کے سکریٹری جی وی رنگا ریڈی نے کہا کہ ہمیں نمائش میں کشمیری تاجروں سے کسی قسم کی شکایت نہیں ملی ہے ۔۔