شہر میں موسلادھار بارش ‘ کئی سڑکوں پر جھیل کا منظر

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد : شہر میں آج شام طوفانی بارش سے عوامی زندگی درہم برہم ہوگئی ۔ چند دن کے وقفہ کے بعد آج شام مانسون کے آغاز کے بعد موسلا دھار بارش ہوئی جس سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی اور عوام نے راحت کی سانس لی ۔ موسلا دھار بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور نشیبی علاقہ زیر آب ہوگئے ۔ شہر کی ترقی اور مثالی اقدامات کے بلدی دعوؤں کی اس بارش سے قلعی کھول گئی اور بلدی حکام اس بارش کے آگے احتیاطی اقدامات میں بے بس نظر آ رہے ہیں ۔ شہر کے تقریبا سبھی علاقوں میں بارش کا اثر رہا اور سڑکیں جھیل کا منظر پیش کررہی تھیں ۔ معظم جاہی مارکٹ پر گھنٹوں ٹریفک جام رہی ۔ عثمان گنج کے قریب برساتی پانی سے علاقہ جھیل کی شکل پیش کررہا تھا جبکہ گن فاونڈری ، نامپلی ، پتلی باولی ، ٹولی چوکی کے علاقہ نظام کالونی میں برساتی پانی کئی فیٹ تک جمع ہوگیا اور سڑکیں نہر کی شکل اختیار کر گئی تھیں ۔