شہر میں وبائی امراض عروج پر : دواخانوں میں مریضوں کا ہجوم

   

حیدرآباد 2 اکتوبر (یو این آئی) شہر میں وبائی امراض کے متاثراسپتال سے رجوع ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتاجارہا ہے ۔گاندھی اسپتال، عثمانیہ اسپتال اور فیور اسپتال آوٹ پیشنٹ شعبہ سے متاثرین کی بڑی تعداد رجوع ہورہی ہے ۔ڈینگی، ملیریا اورٹائیفائیڈ جیسے امراض کی علامات کے ساتھ اسپتالوں سے یہ افراد رجوع ہورہے ہیں۔چند دن پہلے تک مریضوں کی تعداد 100تک محدود تھی تاہم اس میں حالیہ دنوں اس میںاضافہ ہوا ہے ۔گاندھی اسپتال میں آوٹ پیشنٹ سے رجوع ہونے والوں کی تعداد 1700ہوگئی ہے ۔عثمانیہ آوٹ پیشنٹ سے رجوع ہونے والوں کی تعداد دو ہزار تک جاپہنچی ہے ۔فیور اسپتال میں یہ تعدادجو 300درج کی جاتی تھی 800ہوگئی ہے ۔متاثرین میں بچے ، ضعیف افراد شامل ہیں۔ڈاکٹرس نے بارش کے پیش نظر اطراف کے مقامات کی صفائی کو یقینی بنانے کا مشورہ دیاہے ۔ڈاکٹرس نے کہاکہ ستمبر تا نومبر عموما ایسے وبائی متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے ۔درجہ حرارت میں کمی کے سبب ڈینگی وائرس پھیلنے کا امکان ہوتا ہے ۔پھیپھڑوں کے انفکشن بھی ایک دوسرے کو ہوا کے ذریعہ منتقل ہوتے ہیں۔ڈاکٹرس نے ماسک کے استعمال کا مشورہ دیا ہے ۔گاندھی اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرراجہ راو نے کہا ہے کہ گذشتہ دو ماہ میں ڈینگی علامات سے رجوع افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ کسی کی موت کی اطلاع نہیں ہے ۔ انہوں نے بخار، شدید سردرد،پیٹھ درد پر ہاسپٹل سے رجوع ہونے کامشورہ دیا۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی میں پلیٹ لیٹس کی تعداد پر نظررکھی جاتی ہے۔