مشہور اسکولس ، چٹ فنڈ کمپنیاں ، اسٹیٹ ٹریڈرس ، بلڈرس نشانہ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ڈائرکٹر جنرل آف جی ایس ٹی انٹلی جنس ونگ حیدرآباد کے عہدیداروں نے چہارشنبہ کو شہر میں اہم اسکولس ، اسٹیل ٹریڈرس ، چٹ فنڈ کمپنیوں اور بلڈرس کو نشانہ بناتے ہوئے بڑے پیمانہ پر تلاشی مہم چلائی تاکہ سرویس ٹیکس اور جی ایس ٹی بچانے کی کوشش کرنے والوں کا پتہ چلایا جائے ۔ ان تلاشیوں میں ٹالی ووڈ اداکار منچووشنو کی اسپرنگ بورڈ اکیڈیمی اور چیرک اسکول میں کی گئی تلاشی بھی شامل ہے ۔ منچو وشنو اسپرنگ بورڈ کے چیرمین ہیں ۔ عہدیدار اب بھی یہ معلوم کررہے ہیں کہ آیا اسپرنگ بورڈ میں کوئی ٹیکس بچایا گیا ہے ۔ ڈی جی جی آئی کے ذرائع نے کہا کہ ان تلاشیوں میں 2017 قبل از جی ایس ٹی دور کے سرویس ٹیکس کو بچانے اور جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد بھی ٹیکس بچانے کی نشاندہی کی گئی ۔ شام 6 بجے تک بھی تلاشی جاری تھی ہم نے شہر میں مختلف مقامات پر تقریبا 40 کروڑ روپئے کے ٹیکس کو بچانے کا پتہ چلایا ۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ بعض کنٹراکٹرس ، انٹرنیشنل اسکولس ، بلڈرس ، ہاسپٹلٹی انڈسٹری نے سرویس ٹیکس ادا نہیں کیا لیکن وہ جی ایس ٹی دور میں شامل ہوگئے ۔ ان کا یہ تاثر ہے کہ وہ سرویس ٹیکس کی عدم ادائیگی کے لیے قانون کی گرفت میں نہیں آئیں گے ۔ ہم نے اس طرح کی کئی کمپنیوں کی نشاندہی کی ہے ۔ ان عہدیداروں نے میڑچل ، ملکاجگیری ، خیریت آباد ، بنجارہ ہلز ، بیگم پیٹ اور لنگم پلی میں تقریبا 20 مقامات کا معائنہ کیا ۔۔