سپریم کورٹ کے ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رہنے اور پٹاخوں کی فروخت پر تاکید ندارد
حیدرآباد۔4نومبر(سیاست نیوز) سپریم کورٹ کی جانب سے دیوالی کے موقع پر ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رہنے والے پٹاخوں کے استعمال کی ہدایا ت اور عام پٹاخوں کی فروخت کو روکنے کے اقدامات کی تاکید کے باوجود شہر حیدرآباد میں محکمہ پولیس اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے عام پٹاخوں کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کے اقدامات کو یقینی نہیں بنایا جاسکا بلکہ قلب شہر کے علاوہ جن مقامات پر پٹاخوں کی فروخت کے انتظامات کئے گئے تھے ان مقامات پر بھی روایتی پٹاخوں کی فروخت کو روکا نہیں گیا بلکہ برائے نام گرین کریکرس کے ساتھ روایتی پٹاخوںکی خوب فروخت عمل میں لائی گئی ۔دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں دیوالی کے موقع پر روایتی پٹاخوں کے جلانے کے مناظر دیکھے گئے اور شام ہوتے ہی پٹاخوں کی آوازیں بھی حسب سابق برقرار رہیں۔سپریم کورٹ نے ماحولیاتی آلودگی بالخصوص فضائی آلودگی سے شہر وں کو محفوظ رکھنے کے لئے دیوالی کے موقع پرگرین کریکرس کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی تھیں اور اس کے لئے محکمہ پولیس اور بلدیہ کو ذمہ داری دی گئی تھی کہ وہ شہروں میں روایتی پٹاخوں کی فروخت کو روکنے کے اقدامات کریں لیکن شہر حیدرآباد میں کسی بھی مقام پرروایتی پٹاخوں کی فروخت کو روکنے کے اقدامات نہ کئے جانے کی متعدد شکایات موصول ہوئیں اور ماحولیات کے تحفظ کے لئے خدمات انجام دینے والی تنظیموں کے ذمہ داروں نے بھی متعلقہ محکمہ جات اور عہدیداروں کو اس لاپرواہی سے واقف کروایا اور احکام پر عمل نہ کئے جانے کی شکایت کی ۔م