شہر میں گانجہ کی اسمگلنگ، ایک شخص گرفتار، مفرور خاتون کی تلاش

   

حیدرآباد ۔ /8 ستمبر (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس پولیس نے شہر میں گانجہ کی اسمگلنگ میں ملوث پنا سنگھ کو گرفتار کرتے ہوئے 22 کیلو گانجہ ضبط کرلیا، اس کاروبار میں مدد کرنے والی ایک خاتون ناگامنی کی تلاش جاری ہے۔ 41 سالہ کے جی پنا سنگھ ساکن شنکر نگر روڈ ملک پیٹ گانجہ کا کاروبار کرتا ہے اور وہ وشاکھاپٹنم کے ایجنسی علاقہ سے تعلق رکھنے والی ناگامنی نامی خاتون سے گانجہ حاصل کرکے اسے شہر منتقل کیا کرتا تھا ۔ پنا سنگھ وشاکھاپٹنم سے حاصل کردہ گانجہ کو دوگنی قیمت میں فروخت کیا کرتا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ سال 2002 ء میں پنا سنگھ کو گڑمبے کا کاروبار کرنے پر پولیس کاچی گوڑہ نے اسے دو مرتبہ گرفتار کیا تھا ۔ جبکہ چادرگھاٹ پولیس نے بھی اس کے خلاف کارروائی کی تھی ۔ ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے پنا سنگھ کو اس کے مکان سے گرفتار کرلیا اور دھاوے کے دوران 22 کیلو گانجہ بھی ضبط کرلیا گیا اور گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔ جبکہ گانجہ کی اسمگلنگ میں پنا سنگھ کی مدد کرنے والی خاتون ناگامنی کی پولیس کو تلاش ہے ۔