نادر و نایاب قدرتی ورثہ کے تحفظ کیلئے عوامی شعور بیداری مہم
حیدرآباد۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شہر میں واقع پہاڑیوں کے تحفظ کیلئے کام کرنے والی غیرسرکاری تنظیموں سوسائٹی ٹو سیف راکس اور گریٹر حیدرآباد ایڈونچر کلب (جی ایچ ایم سی) کے زیراہتمام اتوار کو گچی باؤلی کے قریب فخرالدین گٹہ (خواجہ گوڑہ) میں سالانہ راک میراتھن کا اہتمام کیا گیا۔ سوسائٹی ٹو سیو راکس کے سیکریٹری فاروق قادر نے کہا کہ دونوں شہروں کے عوام کو اس شہر میں واقع 2500 ارب سال قدیم گرینیٹ چٹان سے واقف کرواتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں چٹان کے اس قدرتی ورثے کے بارے میں شعور بیدار کرنا ہے۔ دونوں شہروں کے مرد و خواتین، بچے اور بزرگ بھی اس پروگرام میں حصہ لے رہے ہیں۔ فخرالدین گٹہ کی چٹان تاریخی ہے۔ بابا فخرالدین اولیاء کو 700 سال قدیم درگاہ کے علاوہ پدمانابھا سوامی مندر اور بین الاقوامی شہرت یافتہ صوفی بزرگ مہر بابا سے موسوم غار موجود ہے۔ اس شہر میں اور بھی کئی دوسری قدیم چٹانیں موجود ہیں جو ہمالیہ سے بھی قدیم تاریخ کی حامل ہیں۔ بنجارہ ہلز، جوبلی ہلز، مانو یونیورسٹی کیمپس، حیدرآباد یونیورسٹی کیمپس، شاہ میر پیٹ، مولاعلی، گولکنڈہ وغیرہ میں بھی کئی قدیم اور تاریخی اہمیت کی حامل چٹانیں موجود ہیں جن کے تحفظ کیلئے شہریوں میں شعور بیدار کیا جارہا ہے۔