شہر میں ہوٹلس ، ریسٹورنٹس اور مالس میں فوڈ سیفٹی حکام کی کارروائی

   

ناقص غذاؤں کے علاوہ ایکسپائری ڈیٹ کی اشیاء کے استعمال کا انکشاف

حیدرآباد۔/4 ستمبر، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے فوڈ سیفٹی عہدیداروں نے حیدرآباد کے راگھویندرا نگر میں واقع سندھورا ایسٹ کورٹ ریسٹورنٹ کا اچانک معائنہ کیا جہاں کئی خامیوں کا پتہ چلا ہے۔ ریسٹورنٹ کی جانب سے سربراہ کئے گئے دوسہ میں جھینگر کی شکایت کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔ معائنہ کے دوران صحت و صفائی کے بارے میں ناقص انتظامات کا پتہ چلا اور ہوٹل کی جانب سے ایکسپائرفوڈ آئٹمس کے استعمال کا انکشاف ہوا۔ حکام نے انتظامیہ کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی اور وضاحت طلب کی ہے۔ بعد میں فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرز ایکٹ 2006 کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ قبل ازیں حیدرآباد کی ایک اور ریسٹورنٹ میں اسی طرح کی کارروائی کی گئی۔ سوشیل میڈیا میں ناقص غذاؤں سے متعلق ویڈیو وائرل ہونے کے بعد میریڈین ریسٹورنٹ پنجہ گٹہ کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔ ہوٹل کی چکن بریانی میں جھینگر پایا گیا تھا۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر یہ واقعہ وائرل ہوا۔ عوام کا کہنا ہے کہ فوڈ سیفٹی حکام کی کارروائیوں کے باوجود ہوٹلوں اور ریسٹورنٹ مالکین کی لاپرواہی کا سلسلہ جاری ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے عوام کو بھروسہ دلایا کہ وہ ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ اسی دوران جی ایچ ایم سی ٹاسک فورس نے دلسکھ نگر کے علاقہ میں کئی ریسٹورنٹس کا اچانک معائنہ کیا۔ پاپا ڈیمس بلیو ریسٹورنٹ اینڈ بنکویٹ ہال میں صفائی کے ناقص انتظامات دیکھے گئے اور میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ بھی نہیں تھا۔ غذا کے نمونوں کو جانچ کیلئے روانہ کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریسٹورنٹ کے حکام ایکسپائری آئٹمس کا استعمال کررہے ہیں۔ دلسکھ نگر کے علاقہ میں ڈی مارٹ اسٹور پر دھاوا کیا گیا جہاں کئی بے قاعدگیاں منظرعام پر آئیں۔1