شہر کا خطرناک عادی سارق اور تین ساتھی گرفتار

   


حیدرآباد۔ کمشنر ٹاسک فورس پولیس نے شہر کے ایک خطرناک اور عادی سارق منتری شنکر اور اس کے تین ساتھیوں کو گرفتار کرتے ہوئے 12 لاکھ مالیتی مسروقہ مال برآمد کرلیا۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 60 سالہ منتری شنکر شہر کا خطرناک عادی سارق ہے اور وہ ڈھائی سو سے زائد سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہے۔ اس خطرناک مجرم کو 209 مرتبہ سزا ہوئی ہے اور چار مرتبہ اسے سخت قانون پی ڈی ایکٹ کے تحت بھی طویل عرصہ کیلئے جیل بھیجا جاچکا ہے۔ انجنی کمار نے بتایا کہ 4 ڈسمبر کو جیل سے رہا ہونے کے بعد وہ دوبارہ سرگرم ہوگیا اور تین ساتھیوں عبداللطیف خان، محمد مجید اور محمد امتیاز احمد کی مدد سے ایک ٹولی تشکیل دی اور ان کے ذریعہ دونوں شہروں میں سرقہ کی سنگین وارداتیں علاقہ کشائی گوڑہ اور ونستھلی پورم پولیس اسٹیشن حدود میں انجام دی۔ بیگم پیٹ علاقہ میں بھی منتری شنکر اور اس کے ساتھیوں نے سرقہ کی ناکام کوشش کی جس کے نتیجہ میں ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کا تجزیہ کیا اور منتری شنکر کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ منتری شنکر کو پھر ایک مرتبہ پی ڈی ایکٹ کے تحت بھیجنے کی کارروائی شروع کی جائے گی۔