حیدرآباد ۔ 15 ؍ مارچ ( سیاست ڈا ٹ کام) وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات کے ٹی راماراو نے اتوار کو کہا کہ حیدرآباد کے اطراف و اکناف شہری علاقوں میں بہت جلد زیر زمین بہترین ڈرینج سسٹم فراہم کیا جائیگا جس کے ساتھ ہی سڑکوں پر موریوں کا بہاو بند ہوجائیگا ۔ کے ٹی راما اراؤ نے مزید کہاکہ شاہ کنسلٹینٹس نے ماسٹر سیوریج پلان تیار کیا ہے جس پر مانسون کے بعد عمل آوری کی جائے گی کیونکہ موسم برسات کے دوران سڑکوں پر کھدوائی سے شہریوں کو دشواریاں پیش آسکتی ہیں ۔ کے ٹی راماراؤ آج یہاں اسمبلی میں بلدی نظم نسق ‘ صنعت و تجارت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق مطالبات زر پر بحث کا جواب دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تمام شہروں کی ترقی کے لئے منصوبے تیار ہیں اور حکومت بہت جلد مربوط ٹاون شپ پالیسی متعارف کرے گی جس کے مسودہ کو پہلے ہی قطعیت دی جاچکی ہے ۔