شہر کو پینے کا پانی فراہم کرنے ایمرجنسی پمپنگ کا سہارا

   

Ferty9 Clinic

ناگرجنا ساگر کے ڈیڈ اسٹوریج سے استفادہ کیلئے حیدرآباد واٹر سپلائی بورڈ کے اقدامات

حیدرآباد /11 جون (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے گریٹر حیدرآباد حدود میں شدید گرما کے باعث پانی کی قلت پیش نہ آنے قبل از وقت احتیاطی اقدامات کا آغاز کیا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کو دریائے کرشنا یعنی ناگارجنا ساگر پراجکٹ سے پانی سربراہ کیا جاتا ہے لیکن شدید گرما کی وجہ سے ناگارجنا ساگر پراجکٹ کی سطح آب کم ہوجانے کے پیش نظر پراجکٹ میں فی الوقت ’ڈیڈ اسٹوریج سطح‘ ہے اور اس سطح سے پانی شہر کو فراہم ہونا مسئلہ ہے ۔ لیکن حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے ناگارجنا ساگر پراجکٹ سے ’ایمرجنسی پمپنگ کے ذریعہ پانی کی سربراہی عمل میں لانے 10 بھاری پمپ سیٹس کی تنصیب عمل میں لانے ایک ماہ سے جدوجہد کی اور اب ان پمپ سیٹس کی تنصیب کے کاموں کو مکمل کرلیا ہے ۔ تجرباتی اساس پر بعض پمپ سیٹس کا ٹسٹ کرلیا گیا ہے اور اس طرح گریٹر حیدرآباد میں پانی کی قلت پیدا نہ ہونے ایمرجنسی پمپنگ سسٹم سے کامیاب ٹرائیل رن انجام دے چکے ہیں ۔ حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ ذرائع کے مطابق گزشتہ دن ’پوٹنگنڈی ذخیرہ آب کے پاس دس موٹر پمپ سیٹس کی تنصیب مکمل کرکے پمپنگ کا آغاز بھی کردیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ہر روز جس طرح شہر میں پانی سربراہ کیا جارہا تھا ۔ اب دوبارہ اسی اساس پر پانی کی سربراہی بحال ہوجائیگی اور بالخصوص آج شب سے پمپ سیٹس کے ذریعہ ڈیڈ اسٹوریج سے پمپنگ کرکے پوٹنگنڈی ذخیرہ آب تک پانی پہونچایا جائے گا اور پوٹنگنڈی ذخیرہ آب میں پانی کی سطح میں اضافہ کے ساتھ شہر کیلئے پانی کی سربراہی عمل میں لائی جائیگی ۔ اسی دوران مسٹر سدرشن چیف جنرل منیجر ، ٹرانسمیشن حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے مطابق اب ناگارجنا ساگر پراجکٹ سے سربراہ کیا جانے والا 270 ایم جی ڈی پانی جوں کا توق گریٹر حیدرآباد کو سربراہ ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی پمپنگ کے ذریعہ ڈیڈ اسٹوریج سطح سے پانی پوٹنگنڈی ذخیرہ آب کو منتقل کیا جائے گا اور پھر پوٹنگنڈی سے پانی کو فلٹر کرنے کے بعد شہر کو سربراہ کیا جائے گا ۔ مسٹر سدرشن نے بتایا کہ موسم بارش کا آغاز ہوکر بڑے پیمانے پر بارش ہونے پر دریائے کرشنا میں پانی کا تیز بہاؤ رہ کر ناگارجنا ساگر پراجکٹ میں پانی کا ذخیرہ نہیں ہوگا تب تک ایمرجنسی پمپنگ کے ذریعہ ہی شہر کو پانی فراہم کرنا پڑے گا ۔ پانی کی سربراہی کے مسئلہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے عوام سے پانی کا احتیاط سے استعمال کرنے کی خواہش کی ہے ۔