نیم برہنہ رقص، منشیات، شراب نوشی اور عیاشی کی اطلاعات پر پولیس کی خصوصی نظر
حیدرآباد۔11۔ستمبر۔(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کی پانچ ستارہ ہوٹلوں کے بڑے خانگی کمروں میں منعقد ہونے والی ریو پارٹیوں کی اطلاع نے محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیدارو ںکو ششدر کردیا ہے کیونکہ کوئی اس بات کی توقع بھی نہیں کرسکتا کہ منشیات کے عادی نوجوان پانچ ستارہ اور سات ستارہ ہوٹلوں کے کمروں میں ریو پارٹیاں منعقد کر رہے ہیں کیونکہ شہر حیدرآباد میں اس طرح کی پارٹیوں کے متعلق اب تک جو کاروائیاں کی گئی ہیں یا اطلاعات موصول ہوئی ہیں ان کا جائزہ لیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ خانگی فارم ہاؤز یا ایسے دوردراز کے مقامات پر یہ پارٹیاں منعقد کی جاتی ہیں جہاں دور دور تک کسی کی رسائی نہ ہو لیکن گوا کے علاوہ ممبئی میں اس طرح کی پارٹیوں کی اطلاعات موصول ہوا کرتی تھیں لیکن اب شہر حیدرآباد کی پانچ ستارہ ہوٹلوں کے سوئٹ روم کئی کئی دن کے لئے بک کئے جانے لگے ہیں اور ان کمروں میں نیم برہنہ رقص ‘ منشیات ‘ شراب نوشی کے علاوہ عیاشی کے تمام سامان موجود ہوا کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ پولیس کو موصول ہونے والی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ شہر کی پانچ ستارہ ہوٹلوں کے کمروں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور ان کمروں میں رہنے والے نوجوان 4دن یا 1ہفتہ کے لئے کمرہ حاصل کرتے ہیں اور ان کے کمروں میں آنے والے ان کے مہمان دوست احباب اور رقص و سرور کی محفل کے لئے پہنچنے والی لڑکیاں ان کے مہمان ہوتے ہیں اسی لئے ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کرسکتا کیونکہ سوئٹ روم میں قیام کرنے والے بیشتر نوجوانوں کا تعلق بااثر گھرانوں سے ہوتا ہے اور ان کے خلاف کسی بھی طرح کی کاروائی کی صورت میں ہوٹل انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اسی لئے وہ نوجوانوں کی ان سرگرمیوں کو نظرانداز کیا کرتے ہیں جس کے نتیجہ میں پانچ ستارہ ہوٹلوں میں منشیات کے عادی نوجوانوں کے قیام کے کلچر میں اضافہ کے علاوہ پارٹیوں کے انعقاد کی اطلاعات موصول ہونے لگی ہیں۔ شہر حیدرآباد میں موجود پانچ ستارہ ہوٹلوں میں اس طرح کی سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھنے کے لئے محکمہ پولیس کی جانب سے اقدامات کے متعلق غور کیا جا رہاہے کیونکہ حالیہ عرصہ میں شہرحیدرآباد کی بڑی بڑی ہوٹلوں کے کمروں کے کرایوں میں اچانک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق طویل تعطیلات کے علاوہ منشیات کے حصول کے فوری بعد منشیات کے عادی نوجوان ریو پارٹی کے لئے ان ہوٹلوں میں کمرے بک کروالیتے ہیں اور ان کمروں میں اپنے دوستوں اور ان ساتھیوں کو مدعو کرتے ہیں جو اس طرح کی پارٹی میں شریک ہونے کے متمنی ہوتے ہیں ۔ 4یوم یا اس سے زائد وقت کے لئے حاصل کئے جانے والے ان کمروں میں قیام کے دوران جو کچھ ہوتا ہے اس سے ہوٹل کے عمل اور انتظامیہ کو بھی کوئی واقفیت نہیں ہوتی۔بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے منشیات کے معاملہ میں سختی کے اقدامات کے بعد ریو پارٹی کلچر ریسارٹس‘ فارم ہاؤز یا نواحی علاقوں سے منتقل ہوکر پانچ ستارہ ہوٹلوں کے کمروں میں پہنچ چکی ہیں اور ان پانچ ستارہ ہوٹلوں کے کمروں میں پولیس کی جانب سے عام طور پر دھاوے نہیں کئے جاتے اسی لئے ان کمروںکو منشیات کے عادی نوجوان محفوظ تصور کرتے ہوئے ان کمروں میں یہ پارٹیاں منعقد کر رہے ہیں۔م