کمشنر پولیس سجنار کا سنٹرل پیس اینڈ ویلفیر کمیٹی کے اجلا س سے خطاب
حیدرآباد ۔ 16 ۔ فبروری ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی ایک زندہ مثال ہے ۔ شہر کی گنگاجمنی تہذیب کو برقرار رکھنے کی ہر شہری پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر پولیس حیدرآباد وی سی سجنار نے کیا ۔ انہوں نے آج یہاں کمانڈ کنٹرول سنٹر میں منعقدہ سنٹرل پیس اینڈ ویلفیر کمیٹی کے اجلاس کو مخاطب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان پیس کمیٹی ایک مضبوط پل ہے ۔ جرائم سے پاک سماج کی تعمیر اور خوشحالی کیلئے امن کو برقرار رکھنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں 1984 کے دہے میں پیس کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا تھا ۔ انہوں نے پیس کمیٹی کی خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ مشکل اوقات میں پیس کمیٹی نے عوام اور پولیس کے درمیان ایک مضبوط پل کی طرح کام کیا جس کے بہترین نتائج برآمد ہوئے ۔ ا نہوں نے آئندہ دنوں تہواروں کے موقع پر پیس کمیٹی کو موثر طور پر کام کرنے کا مشورہ دیا ۔ آپسی تال میل اور تعلقات کو فروغ دیتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے پیس کمیٹی اراکین کو مشورہ دیا کہ وہ سوشیل میڈیا کے ذریعہ پھیلائی جانے والی بے بنیاد اطلاعات اور افواہوں پر خاص توجہ مرکوز کریں جو عوام میں نفرت اور تفرقہ پھیلانے کا سبب بنتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ دور میں سائبر دھوکہ دہی اور سائبر جرائم پر عوام میں شعور بیدار کرنا چاہئے اور ساتھ ہی شہر میں جاری منشیات کے کاروبار اور اس کے استعمال کے خلاف چوکس رہتے ہوئے نوجوان نسل کو بچانا چاہئے ۔ انہوں نے پیس کمیٹی اراکین سے سماج کو لاحق ان سنگین چیالیجس پر توجہ مرکوز کرنے کی خواہش کی اس موقع پر سٹی پولیس کے اعلی عہدیدار اور سنٹرل پیس کمیٹی اراکین موجود تھے ۔ ع