شہر کے بازاروں میں ماسک کا استعمال ندارد

   

l کورونا وائرس کے پھیلنے کا خطرہ ، حکومت کے سخت اقدامات ضروری
l احکامات کی خلاف ورزی پر بھاری چالانات کا انتباہ بے اثر
حیدرآباد۔2جون(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے بازاروں میں ماسک کے لزوم پر کوئی پابندی نہیں کی جا رہی ہے جو کہ نہ صرف شہریوں کی صحت کیلئے خطرہ ہے بلکہ جو ماسک کا استعمال نہیں کر رہے ہیں ان کی خفیہ تصویر کشی کے ذریعہ انہیں چلانات بھی کئے جانے کا امکان ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے کئی بازاروں میں تاجرین اور گاہکوں کی جانب سے ماسک کا استعمال نہ کئے جانے سے محکمہ پولیس‘ محکمہ صحت اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں میں تشویش پائی جانے لگی ہے کیونکہ ان کا احساس ہے کہ عوام کورونا وائرس کی وباء کو سنجیدگی کے ساتھ نہیں لے رہے ہیں بلکہ رہنمایانہ خطوط کو نظر انداز کرتے ہوئے خود کی صحت اور دوسروں کی صحت کو متاثر کرنے لگے ہیں۔ شہر کے بازاروں اور تجارتی علاقوں میں ماسک کے بغیر جو لوگ گھوم رہے ہیں اور جو تاجرین ماسک کے بغیر تجارتی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں ان کے خلاف بھاری چالانات کی گنجائش کی فراہمی کے باوجود احکامات کی پابندی نہ کئے جانے پر محکمہ پولیس کے اعلی عہدیداروں کا کہناہے کہ شہر حیدرآباد میں خفیہ فوٹو گرافی کے علاوہ چہرہ شناسی کے سافٹ وئیر استعمال کرتے ہوئے چالانات کئے جانے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ لاک ڈاؤن میں دی جانے والی رعایتوں کے ساتھ عوام سے اس بات کی اپیل کی گئی ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی وہ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں جو حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہیں اس کے باوجود بازارو ںمیں سماجی فاصلہ کی برقراری نہ ہونے اور ماسک کے عدم استعمال کے سبب حالات ابتر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے رہنمایانہ خطوط پر عمل نہ کرنے والے تاجرین کے کاروبار کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے اور اس پر عمل آوری کیلئے خصوصی ٹیموں کی تشکیل عمل میں لائی جاچکی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ صحت نے محکمہ پولیس اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد سے خواہش کی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں فوری اقدامات کریں کیونکہ آئے دن شہر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے جو کہ مستقبل قریب میں تشویشناک حد تک بڑھ سکتا ہے۔ ریاستی و مرکزی حکومت نے جو رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں ان پر مؤثر عمل آوری کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے تحت مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو اختیار دیا گیا ہے لیکن اب محکمہ پولیس کی جانب سے بھی بھاری چالانات کئے جانے کا امکان ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں جہاں کورونا وائرس متاثرین پائے جا رہے ہیں وہاں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت دی جا رہی ہے لیکن عوامی گہما گہمی کے سبب بازاروں میں ایسا کرنا ممکن نہیںہوپا رہا ہے اسی لئے بازاروں میں کافی زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔