حیدرآباد۔20اکٹوبر(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کے محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے سنجیویا پارک اور این ٹی آر گارڈن کے علاوہ لمبنی پارک میں کیمرہ کی فیس کو برخواست کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق مسٹر اروند کمار نے اپنے ٹوئیٹر کے ذریعہ اس فیصلہ سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت اور محکمہ بلدی نظم و نسق کو موصول ہونے والی نمائندگیوں کو نظر میں رکھتے ہوئے حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے ان پارکس میں کیمروں کے لانے پر وصول کی جانے والی فیس کو برخواست کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلہ پر فوری اثر کے ساتھ عمل کیا جائے گا۔ انہو ںنے بتایا کہ ان پارکس میں افراد خاندان کے ساتھ تفریح کی غرض سے پہنچنے والوں سے کیمروں کی علحدہ 1000 روپئے فیس وصول کی جاتی تھی جو کہ 21 اکٹوبر سے وصول نہیں کی جائے گی اور سیاح اپنے کیمروں کے ساتھ ان پارکس میں بغیر کوئی فیس ادا کئے داخل ہوسکتے ہیں۔م