حیدرآباد۔یکم فروری (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ کنگ کوٹھی میں واقع ایک شادی خانہ سے کل رات دیر گئے رئیل اسٹیٹ تاجر کا اغواء کرلیا گیا۔ نارائن گوڑہ پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اندرون پانچ گھنٹے مغویہ شخص کو اغواء کنندگان کے چنگل سے بچالیا۔ تفصیلات کے مطابق 60 سالہ شیخ غوث پاشاہ ساکن آغا پورہ شادی کی تقریب شرکت کیلئے ایڈن گارڈن کنگ کوٹھی گئے تھے جہاں پر بعض نامعلوم افراد نے انہیں جبراً ایک کار میں بٹھاکر وہاں سے فرار ہوگئے۔ غوث پاشاہ کے رشتہ داروں نے اغواء کئے جانے پر پولیس نارائن گوڑہ کو اس سلسلہ میں آگاہ کیا اور انسپکٹر نارائن گوڑہ پولیس اسٹیشن بی گٹو ملو نے فوری چوکس ہوکر مغویہ رئیل اسٹیٹ تاجر کا معین آباد میں پتہ لگالیا اور اسے اغواء گنندگان کے چنگل سے آزاد کرالیا ۔ انسپکٹر نے میڈیا کو بتایا کہ غوث پاشاہ اور یوسف الدین نامی شخص کے درمیان رئیل اسٹیٹ کاروبار کے سلسلہ میں تنازعہ چل رہا تھا اور دونوں نے علاقہ شمس آباد میں اراضی میں سرمایہ کاری کی تھی ۔ غوث پاشاہ اچانک لاپتہ ہوجانے اور اس کے شراکت داروں کیلئے دستیاب نہ ہونے پر یہ کارروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ غوث پاشاہ کو معین آباد کے علاقہ کے ایک شیڈ میں محروس رکھا گیا تھا اور رقومات کی حصولی کے لئے اس پر دباؤ ڈالا جارہا تھا ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں پانچ افراد کو گرفتار کرلیا ۔ب