حیدرآباد 29نومبر(یواین آئی) حیدرآباد میٹرو ریل نے مسافروں کیلئے آن ڈیمانڈ اسمارٹ لاکر کی سہولیات کا آغاز کیا ہے ۔ یہ محفوظ، ڈیجیٹل اسٹوریج حل مسافروں کی آسانی میں اضافہ اور ای کامرس ڈیلیوری میں سہولت کے مقصد سے شروع کئے گئے ہیں ۔ یہ نظام کلاؤڈ بیسڈ پلیٹ فارم پر کام کرتا ہے ، جو مستقبل میں توسیع، قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ اور دور دراز سے دیکھ بھال کیلئے اہم ہے۔ ان لاکرس کا مقصد پیکج ڈیلیوری اور محفوظ اسٹوریج کیلئے اہم مراکز کے طور پر کام کرنا ہے ، جس سے روزمرہ کے سفر میں آسانی پیدا ہو اور مؤثر ای کامرس لاجسٹکس کو سپورٹ ملے ۔ ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل نے ٹکیٹ ادارہ کے ساتھ اشتراک کرکے کئی اہم اسٹیشنوں پر یہ آن ڈیمانڈ اسمارٹ اسٹوریج لاکرس متعارف کرائے ہیں۔ یہ سہولت مسافروں کو ہیلمٹ، بیگ اور خریداری کا سامان جیسی ذاتی اشیاء کو محفوظ طریقہ سے رکھ کر ہینڈس فری سفر کی اجازت دیتی ہے ۔ ٹکیٹ اسمارٹ لاکرس فی الحال سات حیدرآباد میٹرو اسٹیشنوں پر دستیاب ہیں، جن میں میاں پور، امیر پیٹ، پنجہ گٹہ، ایل بی نگر، اپل، پریڈ گراؤنڈ اور ہائی ٹیک سٹی شامل ہیں۔اسکین اینڈ اسٹورکہلانے والا یہ عمل تین آسان ڈیجیٹل مراحل میں 30 سکنڈسے بھی کم وقت میں مکمل کیا جا سکتا ہے ۔