تمام پولیس اسٹیشنوں میں صفائی یقینی بنانے وزیر صحت کی ہدایت
حیدرآباد۔5ستمبر(سیاست نیوز) شہر کے تمام پولیس اسٹیشنوں میں موجود ضبط کی گئی گاڑیوں میں جمع پانی کے سبب مچھروں کی افزائش ہورہی ہے اور شہر کے پولیس اسٹیشن مچھروں کی افزائش کی آماجگاہ بنتے جا رہے ہیں اسی لئے تمام پولیس اسٹیشنوں میں صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں تاکہ مچھروں کی افزائش کو روکا جاسکے ۔ ریاستی وزیر صحت مسٹر ایٹالہ راجندر نے ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر ایم مہیندر ریڈی سے فون پر رابطہ قائم کرکے انہیں ہدایت دی کہ تمام پولیس اسٹیشنوں میں ضبط کردہ گاڑیوں کی مکمل صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ ایٹالہ راجندر نے ڈی جی پی سے فون پر بات چیت کے دوران ریاست کے تمام اضلاع کے پولیس اسٹیشن میں صفائی کو یقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست اور شہر میں وبائی امراض ‘ ڈینگو ‘ چکون گنیا اور سوائن فلو کو روکنے حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں اسی لئے سرکاری دفاتر میں بھی صفائی کا خصوصی خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔ریاست میں وبائی امراض کو روکنے وزیر صحت کی جانب سے گذشتہ یوم جی ایچ ایم سی کے علاوہ محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کئے جانے رپورٹس کی بنیاد پر وزیر صحت نے ڈی جی پی سے رابطہ قائم کرتے ہوئے یہ ہدایات جاری کی۔