انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ کی ٹیم متحرک، خون کے نمونوں کا حصول
حیدرآباد۔/30مئی ، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا جائزہ لینے کیلئے مرکزی حکومت کے ادارہ انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ کی جانب سے سروے کا آج آغاز ہوا۔ شہر کے کنٹینمنٹ علاقوں میں خون کے نمونے حاصل کئے جارہے ہیں۔ انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ کے علاوہ این آئی این کی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو آئندہ دو دنوں تک یہ سروے جاری رکھیں گی۔ حیدرآباد میں کورونا کے واقعات میں دن بہ دن اضافہ کو دیکھتے ہوئے پھیلاؤ کی وجوہات کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ابھی تک تلنگانہ کے بیشتر اضلاع کورونا سے محفوظ تھے تاہم گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران دوبارہ اضلاع میں کورونا کے کیسس منظر عام پر آئے ہیں۔ نیشنل کونسل فار میڈیکل ریسرچ نے ملک کے 60 اضلاع میں سروے کا اہتمام کیا ہے تاحال 24000 خون کے نمونے حاصل کئے گئے۔ 4 مختلف زمروں کے تحت یہ سروے کیا جارہا ہے تاکہ وائرس کے پھیلنے کی وجوہات اور استعمال کی جارہی ادویات کا پتہ چلایا جاسکے۔ تلنگانہ میں جنگاؤں، کاماریڈی اور نلگنڈہ میں سروے مکمل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وائرس کے پھیلنے کیلئے کمیونٹی ٹرانسمیشن کو روکنا سروے کا اہم مقصد ہے۔ شہر کے 5 کنٹینمنٹ علاقوں میں آج اس سروے کا آغاز ہوا۔ 18 سال سے زائد عمر کے افراد کے خون کے نمونے حاصل کئے جارہے ہیں۔ ہر کنٹیمنٹ زون میں 100 نمونے حاصل کئے جائیں گے۔ ایک دن میں 50 خون کے نمونے حاصل کرنے کا نشانہ ہے۔ رنگاریڈی اور جی ایچ ایم سی حدود میں خصوصی ٹیمیں اس کام میں مصروف ہیں۔