شہری اور دیہی اراضیات کی قیمتیں بڑھانے حکومت کا غور

   

رئیل اسٹیٹ کو نازک صورتحال متوقع ، حکومت تلنگانہ آمدنی بڑھانے کوشاں
حیدرآباد۔19ڈسمبر(سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے شہری اور دیہی اراضیات کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست کی آمدنی میں اضافہ کے سلسلہ میں کئے جانے والے اس فیصلہ کے مطابق ریاست کے شہری اور دیہی علاقوں میں آبادی‘ موجوداراضیات ‘ سہولتوں اور دیگر بنیادوں کا جائزہ لیتے ہوئے 10 فیصد تا 100 فیصد اراضیات کی قیمتوں میں اضافہ کے سلسلہ میں فیصلہ کئے جانے کا امکان ہے۔ ریاست تلنگانہ میں اراضیات کی قیمتو ںمیں کیا جانے والا یہ پہلا اضافہ ہوگا آخری مرتبہ ریاست آندھرا پردیش میں سال 2013 کے دوران حکومت کی جانب سے اراضیات کی قیمتوں پر نظر ثانی کی گئی تھی ۔ حکومت کی جانب سے اراضیات کی قیمتو ںمیں اضافہ کے فیصلہ کے بعد رئیل اسٹیٹ شعبہ کو کچھ وقت کیلئے نازک صورتحال کا سامنا رہے گا جبکہ حکومت کی آمدنی میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔محکمہ مال اور محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن کے ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی ہدایت پر ریاست کے شہری اور دیہی علاقوں کی اراضیات و جائیدادوں کی قیمت کے تعین میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس فیصلہ کے مطابق آبادی کے رجحانات اور سہولتوں کو نظر میں رکھتے ہوئے اقدامات کئے جائیں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ عہدیدارو ںکی جانب سے تمام تفصیلات اکٹھا کرتے ہوئے رپورٹ تیار کی جا رہی ہے اور یہ آخری مرحلہ میں ہے۔ عہدیدارو ںنے بتایا کہ گذشتہ 6برسوں کے دوران اراضیات کی قیمتو ںمیں اضافہ اور جائیدادوں کی خریدی کے رجحانات کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ کس علاقہ میں کتنی قیمت کا تعین کیا جائے۔کلکٹرس‘ ڈپٹی کلکٹرس‘ ریونیو ڈیوژنل آفیسرس کے علاوہ محکمہ مال کے دیگر عہدیداروں بالخصوص تحصیلداروں سے بھی اس سلسلہ میں تفصیلات طلب کی جاچکی ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ حکومت تلنگانہ ریاست کے شہری اور دیہی علاقوں میں موجود اراضیات کی قیمتو ںمیں اضافہ کے ذریعہ سالانہ 6ہزار کروڑ کی آمدنی میں اضافہ کے سلسلہ میں اقدامات کا فیصلہ کیا ہے اور جن علاقوں کی مانگ زیادہ ہے ان علاقو ںمیں جائیدادوں کی قیمت میں 100 فیصد تک کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر کو اس سلسلہ میں ایک عبوری رپورٹ بھی پیش کی جاچکی ہے اور چیف منسٹر اس رپورٹ کا مشاہدہ کر رہے ہیں ۔علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سال 2015 میں محکمہ مال کی جانب سے اراضیات کی قیمتو ںمیں اضافہ کے سلسلہ میں رپورٹ تیار کرتے ہوئے حکومت کو پیش کی گئی تھی لیکن حکومت کی جانب سے اس رپورٹ میں موجود خامیوں کو دور کرنے کی ہدایت دی گئی تھی اور اب محکمہ کی جانب سے حکومت کو جو رپورٹ پیش کی جائے گی اس میں تمام تفصیلات درج ہوں گی اور چیف منسٹر کی منظوری کے بعد اس سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔