شہری اور دیہی علاقوں میں مچھرکش ادویات کے چھڑکاؤ کی ہدایت

   

عدلیہ کی مداخلت کے بعد حکومت متحرک ، چیف سکریٹری کا اعلی عہدیداروں کے ہمراہ اجلاس

حیدرآباد۔25اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے ریاستی حکومت کے اعلی عہدیداروں کو طلب کرتے ہوئے سخت سرزنش کے بعد آج چیف سیکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلا س طلب کرتے ہوئے ہدایت دی کہ عہدیدار تمام دیہی اور شہری علاقوں میں مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤاور عوامی شعور بیدار کرنے کے سلسلہ میںاقدامات کو یقینی بنائیں۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے کئی علاقوں میں ڈینگو کی وباء کی شکایات کے بعد تلنگانہ ہائی کورٹ نے گذشتہ یوم عہدیداروں کو عدالت میں طلب کرلیا تھا اور عہدیداروں کی سخت سرزنش کرتے ہوئے فوری حالات پر قابو پانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا تھا کہ اب ریاست میں صحت عامہ کو بہتر بنانے اور ڈینگو کے تدارک کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی عدالت نگرانی کرے گی۔ عدلیہ کی مداخلت اور احکام کے بعد حکومت نے حرکت میں آتے ہوئے ریاست میں ڈینگو کی وباء پر قابو پانے کے اقدامات کے سلسلہ میں منصوبہ بندی شروع کردی ہے اور کہا جا رہاہے کہ چیف سیکریٹری نے عہدیداروں کے ہمراہ منعقدہ اجلاس کے دوران مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ ‘ کچہرے کی نکاسی کے علاوہ شہریوں میں شعور اجاگر کرتے ہوئے انہیں ڈینگو سے بچاؤ کی تدابیر اختیار کرنے کے طریقۂ کار کے متعلق شعور بیدار کیاجائے گا۔ چیف سیکریٹری نے محکمہ صحت اور بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں کے ہمراہ منعقد کئے گئے اس اجلاس کے دوران ریاست کے شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کے انتظامات اورصحت عامہ کے اصولوں کے سلسلہ میں تفصیلات حاصل کرتے ہوئے متعدد ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دونوںشہروں کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع میں ڈینگو متاثرین کو بروقت امداد کی فراہمی اور ڈینگو کے تدارک کے لئے اقدامات پر توجہ مرکوز کی جانی چاہئے ۔بتایاجاتا ہے کہ ڈاکٹر ایس کے جوشی نے دونوں محکمہ جات کے عہدیدارو ںکو اس بات کی ہدایت دی کہ وہ ان اقدامات کے سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ انہیں راست پیش کریں اور کچہرے کی نکاسی کے علاوہ شہر میں گندگی کی شکایات پر فوری کاروائی کرتے ہوئے صفائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں۔