حیدرآباد۔/5 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے تلنگانہ اربن فینانس اینڈ انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو مرکز کے ادارہ ہڈکو سے 1000 کروڑ کا قرض حاصل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ ہاوزنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ ( ہڈکو ) سے شہری بلدی اداروں میں انفرااسٹرکچر پراجکٹس کیلئے قرض حاصل کیا جائے گا۔ ریاستی حکومت قرض کیلئے ضمانت دے گی۔ پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق دانا کشور نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے۔ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر نے کہا کہ شہری مجالس مقامی میں ترقیاتی پراجکٹس کی تکمیل کیلئے مالیاتی اداروں سے 7000 کروڑ قرض حاصل کرنے کو حکومت نے منظوری دی ہے۔ ہڈکو نے ایک ہزار کروڑ کا قرض منظور کیا ہے۔ قرض کی فراہمی کیلئے ہڈکو نے جو شرائط رکھی ہیں اس کے تحت ریاستی حکومت کو ضمانت دیتے ہوئے ہر سال بجٹ میں قرض کی واپسی کی گنجائش رکھنی ہوگی۔ اسی دوران حکومت نے ریاست کی 130 شہری مجالس مقامی میں مرکزی حکومت کی اسکیم کے تحت ذخائر آب کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے جس پر 270 کروڑ کے مصارف ہوں گے۔1