شہری ترقی کیلئے درکار فنڈس جاری کرنے ہریش راؤکا تیقن

   

پٹنا پرگتی پروگرام میں شرکت، عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد ۔25۔ فروری (سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے سنگا ریڈی کے سداشیو پیٹ میں پٹنا پرگتی (شہری ترقی) پروگرام میں شرکت کی اور عوامی مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے محکمہ برقی کے عہدیداروں کو علاقہ میں محفوظ اور بلا وقفہ برقی سربراہی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر ناقص برقی کھمبے فوری ہٹادیئے جائیں۔ اس کے علاوہ ٹرانسفارمرس سے عوام کو پیش آرہی دشواریوں کا ازالہ کیا جائے ۔ شہری ترقی سے متعلق یہ پروگرام 10 دن تک جاری رہے گا جس کے تحت عوامی نمائندے راست ملاقات کرتے ہوئے مسائل کا جائزہ لیں گے ۔ ہریش راؤ نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ مسائل کی یکسوئی میں تاخیر نہ کریں۔ مقامی عوام نے بجلی کے تاروں اور لو وولٹیج کے مسائل سے واقف کرایا جس پر ہریش راؤ نے فوری یکسوئی کے لئے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ٹرانسفارمرس کی جگہ تبدیل کی جائے۔ مکانات کے اوپر سے گزرنے والے برقی تاروں کو ہٹانے اور چھوٹے کھمبوں کی جگہ بڑے اور مضبوط کھمبے لگانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے تیقن دیا کہ ترقیاتی کاموں کے لئے درکار فنڈس کی اجرائی کے لئے اقدامات کریں گے ۔ ہریش راؤ نے محکمہ برقی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ روزانہ بجلی کے تاروں اور ٹرانسفارمرس کا معائنہ کریں تاکہ شام کے اوقات میں اسٹریٹ لائیٹس روشن رہیں۔ انہوں نے ماحول کو سرسبز و شاداب اور آلودگی سے پاک بنانے کیلئے شجرکاری مہم میں حصہ لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ اپنے علاقوں کو صاف ستھرا رکھنے میں اہم رول ادا کریں۔ شجرکاری اور پودوں کی حفاظت عوام کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگا ریڈی کو پلاسٹک سے پاک بنانے کی ضرورت ہے۔ کچرے کے سلسلہ میں غفلت برتنے والوں پر پانچ سو روپئے جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ہریتا ہارم پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ ضلع کلکٹر ایم ہنمنت راؤ نے کہا کہ ہر گھر کو کچرے کیلئے ٹوکریاں فراہم کی گئی ہیں اور بلدی عملہ گھروں سے کچرا وصول کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑک پر کچرا ڈالنے کی صورت میں جرمانہ عائد کیا جائے گا۔