شہری علاقوں میں مکانات کے ڈیجیٹل نمبر پر عمل آوری

   


ٹیکس اوردیگر خدمات سے مربوط کرنے کا فیصلہ،چند بلدیات سے تجرباتی طورپر آغاز
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے شہری علاقوں میں ڈیجیٹل ڈور نمبرنگ کے ذریعہ کوئک ریسپانس (QR) کوڈ پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مکانات کی نشاندہی میں سہولت ہو۔ کوئک ریسپانس کوڈ کے ذریعہ ڈیجیٹل نمبرات فراہم کئے جائیں گے اور اس اسکیم پر تلنگانہ کے بعض شہری مجالس مقامی میں تجرباتی طور پر عمل کیا جائے گا۔ پرنسپل سکریٹری میونسپل ایڈمنسٹریشن اروند کمار نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ہم کوئک ریسپانس کوڈ پر مبنی ڈیجیٹل نمبرات کا منصوبہ رکھتے ہیں اور چھوٹے شہری بلدیات میں اس کا آغاز کیا جائے گا ۔ کمشنر و ڈائرکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن کے ذرائع کے مطابق کھمم ، نارسنگی ، سرسلہ ، نظام پیٹ اور مریال گوڑہ میں تجرباتی بنیادوں پر اس کا آغاز ہوگا۔ پراجکٹ کا مقصد تمام مکانات کے لئے یکساں نمبرات کی فراہمی ہے جس کے ذریعہ نشاندہی میں مدد ملے گی۔ سڑکوں اور مکانات کے نمبرات کے یکسانیت کے ذریعہ ٹیکس صحت و صفائی کے محکمہ جات کو مربوط کیا جائے گا ۔ موجودہ صورتحال میں کسی بھی مکان یا جائیداد کی نشاندہی میں دشواریوں کو محسوس کرتے ہوئے نئی ٹکنالوجی متعارف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ شہری علاقوں میں آبادی میں اضافہ اور اپارٹمنٹس کی تعداد میں بڑھتے اضافہ کو دیکھتے ہوئے نئے طریقہ کار کی ضرورت محسوس کی گئی ۔ مکانات کے نمبرات پراپرٹی ٹیکس، ٹاؤن پلاننگ اور صفائی سے متعلق محکمہ جات سے مربوط رہیں گے تاکہ ساری تفصیلات QR کوڈ کے ذریعہ حاصل کی جاسکے۔ میونسپلٹیز ایکٹ 2019 کے تحت حکومت کو سڑکوں اور مکانات کے نمبرات ڈیجیٹل طریقہ کار سے طئے کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ نئی دہلی ، بنگلور ، بھوبنیشور اور وجئے واڑہ میں یہ سسٹم تجرباتی بنیادوں پر شروع کیا گیا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں نے کہا کہ نئے طریقہ کار کے مطابق اس بات کا پتہ چلا پائیں گے کہ آیا مقامی صفائی ورکر نے کسی مکان سے کچرا حاصل کیا ہے یا نہیں ۔ کچرا وصول کرنے والے شخص کو ایک چھوٹا آلہ فراہم کیا جائے گا جس کے ذریعہ وہ مکان کے QR کوڈ کو کچرا حاصل کرنے کے بعد اسکیان کرے گا۔ نئے طریقہ کار کے مطابق کسی بھی مکان کا پتہ چلانے کیلئے سڑکوں پر QR کوڈ نمبرات کی نشاندہی کی جائے گی۔