حیدرآباد 31 اگسٹ (پریس نوٹ) شہزادی درشہوار کی برسی کے موقع پر ایچ ای ایچ دی نظامس میوزیم پرانی حویلی کے زیراہتمام سہ روزہ تقاریب منعقد ہوں گی۔ کیوریٹر میوزیم جناب احمد علی کے بموجب یہ سہ روزہ تقاریب زیرنگرانی سکریٹری ایچ ای ایچ دی نظامس جوبلی ٹرسٹ محترمہ رفعت حسین منعقد ہوں گی۔ پہلے دن مدرسہ الزہرہ للبنات کی طالبات خطاط اور حافظہ مبینہ بیگم نعمانی کی نگرانی میں قرآن خوانی کریں گے جبکہ 7 ستمبر کو دواخانہ عثمانیہ کے مریضوں میں میوہ جات تقسیم کئے جائیں گے۔ اس دواخانہ کا افتتاح آصف جاہ سابع نواب میر عثمان علی خان کے عہد میں شہزادی درشہوار نے انجام دیا تھا۔ شہزادی درشہوار خلافت عثمانیہ کی آخری شہزادی اور خلیفۃ المسلمین سلطان عبدالمجید کی صاحبزادی تھیں جنھوں نے اپنے عہد خلافت میں کعبۃ اللہ شریف کے احاطہ اور مسجد نبویؐ کی توسیع عمل میں لائی تھی۔ 8 ستمبر کو ایک تصویری نمائش ’’شہزادی درشہوار کی یادیں‘‘ کا میوزیم میں اہتمام کیا جائے گا جو 16 ستمبر تک عوام کے لئے جاری رہے گی۔