شہید جوانوں کے خاندانوں کو بتائیں کہ مسعود اظہر کو کس نے رہا کیا تھا : راہول گاندھی

   

نئی دہلی 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی سے سی آر پی ایف کے 40 مہلوک جوانوں کے خاندانوں کو یہ بتانے کا مطالبہ کیاکہ مسعود اظہر کو کس نے رہا کیا تھا جس کی تنظیم جیش محمد نے پلوامہ دہشت گرد حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ راہول گاندھی نے ٹوئٹر پر پوسٹ کردہ پیغام میں قومی سلامتی کے موجودہ مشیر ہی تھے جو ’قاتل‘ اظہر کو حوالے کرنے کے لئے قندھار گئے تھے۔ واضح رہے کہ ڈسمبر 1999 ء میں انڈین ایرلائنس کے ایک طیارہ آئی سی 814 کا اغواء کرتے ہوئے 150 مسافرین کو یرغمال بنالیا گیا تھا۔ جن کی رہائی کے عوض چند دوسرے دہشت گردوں کے ساتھ مسعود اظہر کو بھی رہا کیا گیا تھا۔ راہول گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’وزیراعظم مودی کو سی آر پی ایف کے 40 شہید جوانوں کے خاندانوں کو بتانا چاہئے کہ قاتل مسعود اظہر کو کس نے رہا کیا تھا۔ یہ بھی بتانا چاہئے کہ آپ کے موجودہ قومی سلامتی مشیر نے معاملت طے کی تھی اور قاتل کو پاکستان کے حوالے کرنے قندھار گئے تھے‘‘۔