ممبئی، 10 دسمبر (یو این آئی) ڈالر کے مقابلے روپیہ کی گراوٹ کی وجہ سے آج مسلسل تیسرے دن گھریلو شیئر بازاروں میں مندی رہی۔ بی ایس ای کا سینسیکس 275.01پوائنٹس( 0.32 فیصد) گراوٹ کے ساتھ 84,391.27 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی 50 انڈیکس بھی 81.65 پوائنٹس یا 0.32 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 25,758 پر بند ہوا۔ یہ 11نومبر کے بعد سے دونوں انڈیکس کی کم ترین سطح ہے ۔ مڈ کیپ اور اسمال کیپ کی کمپنیوں میں زبردست فروخت دیکھی گئی۔ نفٹی مڈ کیپ 50 انڈیکس میں 1.12 فیصد گراوٹ ہوئی، اور اسمال کیپ 100انڈیکس میں 0.90فیصد گراوٹ درج کی گئی۔
صارفین کی مصنوعات، آئی ٹی، بینکنگ اور فنانس کے شعبوں کی کمپنیوں میں سب سے زیادہ گراوٹ دیکھی گئی۔ جبکہ ذرائع ابلاغ، دھاتیں، دواسازی اور تیل اور گیس کے شعبوں میں اضافہ درج کیا گیا۔ این ایس ای پر کل 3,200 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا۔ ان میں سے 1,752 کے حصص سرخ اور 1,351 کے حصص سبز رنگ میں بند ہوئے ۔ دریں اثناء، 97 دیگر کمپنیوں کے حصص دن بھر اتار چڑھاؤ کے بعد برقرار رہے ۔ سینسیکس کی 30 کمپنیوں میں سے 18 کے حصص میں گراوٹ ہوئی، جبکہ 12 دیگر میں اضافہ ہوا۔ ٹاٹا اسٹیل میں سب سے زیادہ ایک فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ سن فارما، آئی ٹی سی اور این ٹی پی سی کے حصص بھی سبز رنگ میں بند ہوئے ۔ عالمی سطح پر، ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ ایشیا میں 0.42 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوا۔ چین کے شنگھائی کمپوزٹ میں 0.23 فیصد اور جاپان کے نکئی میں 0.10 فیصد گراوٹ درج ہوئی۔ یورپی منڈیوں میں جرمنی کے ڈی اے ایکس 0.40 فیصد گراوٹ درج ہوئی جبکہ برطانیہ کے ایف ٹی ایس ای میں 0.29 فیصد اضافے کے ساتھ کاروبار جاری تھا۔
