ممبئی، 6 اگست (یو این آئی) ریزرو بینک آف انڈیا کی شرح سود کو برقرار رکھنے کی پالیسی کے اعلان کے بعد چہارشنبہ کے روز گھریلو شیئر بازاروں میں لگاتار دوسرے دن بھی گراوٹ دیکھی گئی۔بی ایس ای کا سینسیکس 166.26 پوائنٹس یعنی 0.21 فیصد کم ہو کر 80,543.99 پوائنٹس پر بند ہوا، جبکہ نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی 75.35 پوائنٹس (0.31 فیصد) کی کمی کے ساتھ 24,574.20 پوائنٹس پر بند ہوا۔سرمایہ کاروں کے زریعے آج بینکنگ کے شعبے کو چھوڑ کر دیگر تمام شعبوں میں فروخت کا رجحان رہا۔ خاص طور پر فارما، آئی ٹی، صحت، تیل و گیس،پائیدار کنزیومر پروڈکٹ اور ریئلٹی سیکٹرز میں زیادہ گراوٹ دیکھی گئی۔جہاں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی طرف سے درآمدی محصولات بڑھانے کی دھمکی کو آئی ٹی اور فارما شعبے میں گراوٹ کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے ، وہیں ریپو ریٹ میں کمی نہ ہونے کی وجہ سے ریئلٹی اور پائیدار کنزیومر پروڈکٹس گروپ کے اشاریے میں بھی کمی دیکھنے کو ملی ۔
یتیموں کو مفت تعلیم کیلئے
سپریم کورٹ کی ہدایت
نئی دہلی، 6 اگست (یواین آئی) سپریم کورٹ نے آج ریاستوں کو ہدایت دی کہ وہ یتیموں، کمزور طبقات اور پسماندہ گروپوں کے بچوں کے لیے نجی اسکولوں میں 25 فیصد کوٹے کے تحت مفت تعلیم کی اجازت دینے کے لیے چار ہفتوں کے اندر نوٹیفکیشن جاری کریں۔جسٹس بی وی ناگارتھنا اور جسٹس کے وی وشواناتھن کی بنچ نے ایڈوکیٹ پالومی پاوینی شکلا کی عرضی پر یہ حکم دیا۔