شیخ حسینہ کو ہندوستانی قائدین کی مبارکباد

   

ڈھاکہ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس قائد سونیا گاندھی نے چہارشنبہ کو وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ کو عام انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی جبکہ دو روز قبل وزیراعظم نریندر مودی نے بھی شیخ حسینہ کو مبارکباد پیش کی تھی۔ دریں اثناء وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ ہند سشما سوراج نے بھی اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب ابوالحسن محمود علی کو انتخابی کامیابی پر مبارکباد دی۔ بات چیت کے دوران سشما سوراج نے تیقن دیا کہ ہندوستان ہمیشہ کی طرح بنگلہ دیش کے ساتھ اپنا تعاون برقرار رکھے گا جو ایک پڑوسی ملک کا ہونا چاہئے۔ یاد رہے کہ 31 ڈسمبر کو بنگلہ دیش کے انتخابی نتائج کا حالانکہ سرکاری طور پر اعلان نہیں کیا گیا تھا تاہم نریندر مودی ایسے واحد بیرونی قائد تھے جنہوں نے شیخ حسینہ کو مبارکبادی کا پیغام روانہ کیا تھا۔ دوسری طرف مغربی بنگال اور تریپورہ کے وزرائے اعلیٰ نے بھی شیخ حسینہ کو مبارکباد دی۔ بنگلہ دیش میں متعین چینی سفیر نے بھی وزیراعظم شیخ حسینہ کو صدر چین ژی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیگیانگ کا مبارکبادی کا پیغام پہنچایا۔