شیخ محمد بن زاید کا دورہ مصر، صدر السیسی سے ملاقات

   

قاہرہ : امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید ال نہیان اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے گزشتہ روز قاہرہ کے الاتحادیہ محل میں ملاقات کی ہے۔دونوں ملکوں کے صدور نے برادرانہ تعلقات، تعاون اور مشترکہ کوششوں، دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات کو عروج کی نئی منزل تک لے جانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ باہمی دلچسپی کے متعدد امور اور علاقائی و بین الاقوامی حالات بھی زیر غور آئے ہیں۔شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے اس موقع پر کہا کہ’ امارات مشترکہ مفادات میں معاون ہر معاملے پر مصر کے ساتھ مشاورت اورتعاون جاری رکھنا چاہتا ہے‘۔انہوں نے کہا کہ ’امارات اور مصر دونوں خطے کے عوام کی خوشحالی اور ترقی میں معاون امن و استحکام کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں‘۔ اماراتی صدرکا کہنا تھا کہ’ مصر اور امارات کے برادرانہ تعلقات مستحکم ہیں۔ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ محبت، احترام اور اعتبار کے رشتوں سے منسلک ہیں‘۔’ چاہتے ہیں کہ دوطرفہ تعلقات عروج کی نئی منزلوں تک پہنچیں تاکہ ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے دونوں ملکوں کی امنگیں پوری ہوسکیں‘۔ مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے اماراتی صدر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ’ آپ خود کو اپنے دوسرے گھر میں سمجھیں۔ امارات کے ساتھ برادرانہ تعلقات فخر کا باعث ہیں‘۔