نئی دہلی، 20 مئی (یو این آئی) مرکزی زراعت اور کسانوں کی بہبود کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے زراعت میں جدید اور روایتی علم کے سنگم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کا مقصد ملک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانا اور ہندوستان کو دنیا کی ’فوڈ باسکٹ‘ بنانا ہے ۔ منگل کو یہاں ملک بھر کی زرعی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں اور ہندوستانی زرعی تحقیقاتی تنظیم (آئی سی اے آر) کے اداروں کے ڈائریکٹروں کی سالانہ کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے مسٹر چوہان نے کہا کہ کیڑے مار ادویات اور کھادوں کا بے قابو استعمال مٹی کی صحت کو خراب کر رہا ہے ۔ سائنسدان مسلسل تحقیق میں مصروف ہیں۔ زرعی یونیورسٹیاں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ حکومت کا منتر ہر ایک کو غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کرنا ہے ۔ اس موقع پر زراعت اور کسانوں کی بہبود کے وزیر مملکت بھاگیرتھ چودھری، آئی سی اے آر کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ایم ایل۔ جاٹ اور تمام ڈپٹی ڈائریکٹر جنرلز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرلز اور دیگر افسران موجود تھے ۔