ممبئی ۔ 13 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج عملاً اپنی حلیف سے سیاسی حریف بن جانے والی شیوسینا کو طنز کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ مہاراشٹرا میں نظریاتی غیر ہم آہنگ کانگریس اور این سی پی کے ساتھ مخلوط حکومت تشکیل دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ کانگریس کے ساتھ مشترکہ اقل ترین پروگرام میں اپنا ہندو توا ا یجنڈہ کس طرح شامل کیا جائے، یہ خاصی دلچسپی کا معاملہ ہوگا۔ سینئر بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر راؤ صاحب دانوے نے کہا کہ 150 سالہ قدیم پارٹی کانگریس ظاہر ہے حکومت میں شامل ہونے کے بعد اپنے ایجنڈہ کو آگے بڑھانا چاہے گی۔ شیوسینا نے اکثر خود کو ایسی پارٹی کے طور پر پیش کیا ہے جو ہندوتوا کو فروغ دیتی ہے ، ادھو ٹھاکرے زیر قیادت پارٹی اور بی جے پی کے درمیان بدستور نظریاتی ربط ہے۔